لاڑکانہ پولیس نے رمضان المبارک کے دوران امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا

جمعرات 25 مئی 2017 21:22

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) لاڑکانہ پولیس نے رمضان المبارک کے دوران امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے سیکورٹی پلان تشکیل دیتے ہوئے اضافی پولیس اہلکاروں کو تعینات کرنے سمیت رینجرز سے مدد طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایس ایس پی لاڑکانہ عمر طفیل کی صدارت میں گذشتہ روز ضلع کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کا اجلاس ہوا جس میں اے ایس پی سٹی ڈاکٹر عمران پٹھان نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر ایس ایس عمر طفیل نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے حدود میں اہم شاہراؤں پر گشت میں اضافہ کرکے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو یقینی بنائیں جبکہ ضلع کے اندر تمام سماجی برائیوں کو ختم کرکے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی نے تراویح کے دوران مساجد اور دیگر عبادت گاہوں سمیت بازاروں کی سیکورٹی کے خاص انتظامات کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان کے دوران مختلف مقامات پر 10 پولیس رپورٹنگ سینٹر، 100 اضافی پولیس چیک پوسٹس اور ساتھ ہی 500 اضافی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ اس سلسلے میں رینجرز سے بھی مدد لی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہر کی مختلف اہم شاہراہوں اور بازاروں کو خفیہ کیمروں کے ذریعے مانیٹر کریں گے اور ٹریفک کے نظام کو بھی بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔