نواز اور شہباز نے اپنی گفتگو میں وہ تمام دعوے دہرائے جنہیں قوم مسترد کرچکی ہے، شفقت محمود

وزیر اعلیٰ اور وزیراعظم اپنی حکومتوں کی ناکامیوں کی ذمہ داری عوامی اجتماعات پر نہیں ڈال سکتے،قائداعظم سولر پارک، گڈانی پاور پراجیکٹ، نندی پور پاور پلانٹ سمیت درجنوں منصوبے کرپشن کی نذر ہوئے، مرکزی رہنماتحریک انصاف

جمعرات 25 مئی 2017 21:27

نواز اور شہباز نے اپنی گفتگو میں وہ تمام دعوے دہرائے جنہیں قوم مسترد ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2017ء) نواز اور شہباز نے اپنی آج کی گفتگو میں وہ تمام دعوے دہرائے جنہیں قوم مسترد کرچکی ہے۔وزیر اعلیٰ اور وزیراعظم اپنی حکومتوں کی ناکامیوں کی ذمہ داری عوامی اجتماعات پر نہیں ڈال سکتے۔چھ ماہ، ایک اور دو برس میں بجلی بحران کے خاتمے کے وعدوں کا نتیجہ شارٹ فال میں دوگنا اضافے کی صورت میں سامنے آیا۔

یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکڑتی اطلاعات و ترجمان شفقت محمود نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم کی تقاریر پرتبصرہ کرتے ہوئے کہی۔ انکا کہنا تھا کہ 450 ارب کے گردشی قرضوں کی انتہائی غیر شفاف ادائیگی کے باوجود یہ قرضے دوبارہ تین سو ارب سے تجاوز کررہے ہیں۔قائداعظم سولر پارک، گڈانی پاور پراجیکٹ، نندی پور پاور پلانٹ سمیت درجنوں منصوبے کرپشن کی نذر ہوئے۔

(جاری ہے)

نیلم جہلم اور دیامر بھاشا ڈیم جیسے کئی منصوبوں کا مستقبل غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔ شفقت محمود کا یہ بھی کہنا تھا کہ سرکاری کارپوریشنز کے ذمہ واجب الادا قرضے 3 سو ارب سے بڑھ کر 9 سو ارب تک جاپہنچے ہیں۔ملکی معیشت کی جانچ کا ہر اشاریہ چیخ چیخ کر تنزلی اور گراوٹ کی داستان سنا رہا ہے۔نواز حکومت کاشتکار اور زراعت کا عملی طور پر جنازہ نکال چکی ہے۔

شفقت محمود نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے ان چار برس میں پاکستان کی آئندہ نسلوں پر قرضوں کا ریکارڈ بوجھ لادا۔پاکستان میں بیروزگاری اور غربت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ٹیکسوں کی وصولی میں ناکامی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا حجم دیکھنے کے بعد معیشت میں ترقی کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔نواز حکومت کے چار برس میں اگر کہیں ترقی ہوئی تو وہ وزیراعظم اور شریف خاندان کی دولت اور اثاثے تھے۔پانامہ لیکس کے بعد قوم ترقی کے جھانسے کو خوب سمجھنے لگی ہے۔ شفقت محمود نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ جھوٹی تقاریر اور بہتان تراشی احتساب مؤخر کرنے کی ترکیب میں سود مند ثابت نہیں ہوسکتیں۔

متعلقہ عنوان :