پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس ، بجلی بحران ختم کرنے کیلئے وزیراعظم اوروزیراعلیٰ کی بصیرت اورقائدانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین

اجلاس میں وزیراعظم اوروزیراعلیٰ کی جانب سے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے مخلصانہ کاوشوں پر قرار دادتشکرمتفقہ طورپر منظور خواب کی حسین تعبیر، 1320میگاواٹ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کے افتتاح کا دن پاکستان اورپنجاب کے عوام کیلئے مبارک دن دھرنے نہ ہوتے تو ساہیوال کول پاور پراجیکٹ سمیت دیگر کئی اہم منصوبے 8ماہ قبل مکمل ہوچکے ہوتے،شہبازشریف کابینہ کے اجلاس میں ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے انجینئرز اورورکرز کو خصوصی انعام دینے کی بھی منظوری ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر وزیراعظم،وزیراعلیٰ پنجاب ،پاکستان اور پنجاب کے عوام کومبارکباد

جمعرات 25 مئی 2017 21:45

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت یہاں صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا،پنجاب کابینہ کے اجلاس میںوطن عزیز سے بجلی کا سنگین بحران ختم کرنے کیلئے وزیراعظم محمد نوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی بصیرت اورقائدانہ صلاحیتوں کو زبر دست الفاظ میں شاندارخراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ نے وزیراعظم اوروزیراعلیٰ کی جانب سے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے مخلصانہ کاوشوں پر قرار دادتشکر پیش کی،جسے کابینہ کے تمام اراکین نے اتفاق رائے سے منظور کیا۔صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ کی جانب سے پیش کی جانے والی اظہار تشکر کی قراردادا میں کہا گیا کہ پنجاب کابینہ کا یہ اجلاس وطن عزیز سے بجلی کا سنگین بحران ختم کرنے کیلئے وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی بصیرت اور قائدانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی اسی بصیرت اور اسی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت2013ء میں حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب نے بجلی کی پیداوار کے متعدد منصوبوںکا آغاز کیا جن میں بھکھی پاور پراجیکٹ، قائداعظم سولر پاور پراجیکٹ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ، حویلی بہادر شاہ پاور پراجیکٹ، بلوکی پاور پراجیکٹ اور زونرجی سولر پاور پراجیکٹ جیسے اہم منصوبے شامل ہیںاوران منصوبوں سے دسمبر 2017ء تک5ہزارمیگاواٹ اور مارچ 2018تک تقریباًً9ہزار میگاواٹ بجلی انشاء اللہ نیشنل گرڈ میں شامل ہونا شروع ہو جائے گی۔

پنجاب کابینہ کا یہ اجلاس ساہیوال میں پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے کوئلے سے چلنے والے اورسی پیک کے تحت قائم ہونیوالے سب سے پہلی1320میگاواٹ کے پاور پلانٹ کی تکمیل پر خصوصی مسرت کا اظہار کرتا ہے اورہمارے لئے باعث فخر ہے کہ 1320میگاواٹ کے اس پاور پلانٹ نے 22 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہو کر مدت تکمیل کے حوالے سے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ہم اس کامیابی میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی مساعی کو خاص طور پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

پنجاب کابینہ کا یہ اجلاس وزیر اعظم کی بصیرت کو عملی جامہ پہنانے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف،وفاقی وزارت پٹرولیم،وفاقی وزارت پانی و بجلی، وفاقی وزارت ترقی ، منصوبہ بندی و اصلاحات، وفاقی وزرات خزانہ،وفاقی وزرات ریلویز،وفاقی وزرات پورٹس اینڈ شیپنگ،محکمہ توانائی پنجاب اور متعلقہ افسران کی بھرپور کاوشوں کو سراہتا ہے اور اس امید کا اظہار کرتا ہے کہ بجلی کی پیداوار میں اضافے کیلئے لگائے گئے تاریخی اہمیت کے حامل ان تمام منصوبوں کی بدولت ناصرف ملک سے بجلی کے اندھیروں کو دور کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اپنی شفافیت اور افادیت کے اعتبار سے یہ منصوبے ملک کی ترقی میںبھی سنگ میل ثابت ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک خواب کو حسین تعبیرملی ہے اور 1320میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کے افتتاح کا دن پاکستان کی تاریخ میں تاریخی دن اور پاکستان اورپنجاب کے عوام کیلئے مبارک دن ہے ۔گزشتہ چار برس کے دوران توانائی کے منصوبوں کیلئے دن رات بے پناہ محنت سے کام کیا گیا ہے۔

چین نے بھی توانائی بحران کے خاتمے کیلئے پاکستان کے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ سو فیصد چینی سرمایہ کاری ہے۔انہوں نے کہا کہ دھرنوں کے باعث توانائی منصوبوں میں بے پناہ تاخیر ہوئی ہے ۔دھرنے نہ ہوتے تو ساہیوال کول پاور پراجیکٹ سمیت دیگر کئی اہم منصوبے 8ماہ قبل مکمل ہوچکے ہوتے۔

دھرنوں نے ملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کے منصوبوں پر کاری ضرب لگائی اور دھرنا دینے والوں کے غیر جمہوری رویوں کے باعث 2014ء میںچین کے صدر شی جن پنگ کادورہ پاکستان ملتوی ہوااورچینی صدر کے اس اہم دورے کے ملتوی ہونے سے معاہدوں میں تاخیر ہوئی لیکن ان تمام مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجودمنصوبوں کو محنت،دیانت اورامانت کے ساتھ آگے بڑھایا گیا ہے اور آج اللہ تعالیٰ کے بے پایاں فضل و کرم اورتمام ٹیم کی محنت کے باعث کامیابیاں قدم چوم رہی ہیں ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قومی تعمیر کے اس اہم منصوبے پر کام کرنے والے انجینئرز اور ورکرز کی محنت قابل تعریف ہے ۔انہوں نے کہا کہ660میگاواٹ کا دوسر ا پلانٹ بھی اسی ماہ بجلی کی پیدوار شرو ع کردے گا اوراس طرح یہ منصوبہ1320میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں دیکھتی آنکھوں نے ایسے خوبصورت مناظر کبھی نہیں دیکھے اور منصوبوں کی برق رفتار تکمیل کی داستان شفافیت اور محنت سے عبارت ہے ۔

ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پاکستان اورپنجاب کی کامیابی ہے اوراس ضمن میں ہم چین کی قیادت اورحکومت کے شکرگزار ہیں ۔کابینہ کے اجلاس میں ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے انجینئرز اورورکرز کیلئے خصوصی انعام دینے کی بھی منظوری دی گئی۔پنجاب کابینہ کے اجلاس میںوطن عزیز سے بجلی کا سنگین بحران ختم کرنے کیلئے مخلصانہ کاوشیں کرنے اورساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر وزیراعظم محمد نوازشریف،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف،پاکستان اور پنجاب کے عوام کومبارکبادبھی دی گئی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی نے 2013ء لیکر 2017ء تک توانائی منصوبوں کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں اورپیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ 2013ء میں ملک کو بجلی کی تقریباً45 فیصد کمی کا سامنا تھا اورآج کئی منصوبے مکمل ہوچکے ہیں اورکئی مکمل ہونے کے قریب ہیں۔حکومت کی جانب سے اب تک 3ہزار میگاواٹ کے منصوبے آپریشنل ہوچکے ہیں اورمجموعی طورپر14ہزار میگاواٹ کے منصوبوں پر کام جاری ہے اوریہ منصوبے 30ارب ڈالر کے ہیں ۔پاکستان کی تاریخ میں اتنی بڑی سرمایہ کاری آج تک توانائی سیکٹر میں نہیں ہوئی۔اجلاس میں صوبائی وزراء،مشیران،معاونین خصوصی،چیف سیکرٹری،اعلی حکام اورمتعلقہ محکموں کے سیکرٹریزنے شرکت کی۔