امن کے قیام کیلئے برداشت کی فضاء پیدا کرنے کی ضرورت ہے ،ایسا ماحول پیدا کیا جائے جس سے ہماری نوجوان نسل میں خود اعتمادی پیدا ہو اور معاشرے میں دیرپا امن اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے، پاکستان نے خطہ میں امن و امان کے قیام اور ترقی کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں

سینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق کا قومی پالیسی سیمینار سے خطاب

جمعرات 25 مئی 2017 22:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2017ء) سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفرالحق نے کہا ہے کہ امن کے قیام کیلئے برداشت کی فضاء پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور ایسا ماحول پیدا کیا جائے جس سے ہماری نوجوان نسل میں خود اعتمادی پیدا ہو اور معاشرے میں دیرپا امن اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے، پاکستان نے خطہ میں امن و امان کے قیام اور ترقی کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے ادارے برائے امن مطالعات کے زیراہتمام منعقدہ قومی پالیسی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ ہم پاکستان کو ایک جزیرے کے طور پر سامنے رکھ کر اصلاح نہیں کر سکتے بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر رونما ہونے والے واقعات کا اندرونی امن پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے دورہ افغانستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں پارلیمانی وفد نے افغانستان کا دورہ کیا۔

افغانستان کی سیاسی قیادت نے پاکستان کے پارلیمانی وفد کا والہانہ استقبال کیا اور اعلیٰ سطح کی قیادت نے پاکستان اور افغانستان کو برادر ملک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن اس وقت نہیں آ سکتا جب تک افغانستان میں امن کا قیام عمل میں نہیں لایا جاتا۔ راجہ ظفرالحق نے کہا کہ اس نوعیت کے پالیسی سیمینار کا انعقاد انتہائی مفیدہے تاہم اس سلسلہ میں ملکی سطح پر شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔

اور ہم سب کو ملکر اس سلسلے میں کام کرنا ہوگا اور ضروری ہے کہ ہم اتفاق اور یکجہتی کے ساتھ معاملات کو آگے لے کر بڑھیں۔ سیمینار سے بڑی تعداد میں سکالرز، سینئر صحافیوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، اراکین پارلیمنٹ اور ماہرین نے خطاب کیا۔ انہوں نے اس پالیسی سیمینار کو انتہائی اہم قرار دیا اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ ماہرین مل بیٹھ کر تمام حالات کا جائزہ لیتے ہوئے ایسی سفارشات مرتب کریں گے جنکی بدولت معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ علاقائی سطح پر بھی امن کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :