پنجاب میں 15 جعلی ایمبولینسوں کے ذریعے منشیات، اسلحہ، بارودی مواد اور ممنوعہ اشیا سمگل کرنے کا انکشاف

جعلی ایمبولینسوں کے حوالے سے تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

ہفتہ 27 مئی 2017 00:01

ْ لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق پنجاب بھر میں 15 جعلی ایمبولینسوں کے ذریعے منشیات، اسلحہ، بارودی مواد اور ممنوعہ اشیا سمگل کرنے کا انکشاف ہوا ہے انتہائی مطلوب منشیات سمگلرز اور جرائم پیشہ افراد نجی ایمبولینسوں سے کروڑوں روپے کی منشیات اسلحہ، الیکٹرانکس سامان، بارودی مواد و دیگر ممنوعہ اشیا ڈی جی خان، راوالپنڈی، اسلام آباد، لاہور اور دیگر شہروں میں بھجوا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بعض شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر تعینات پولیس اہلکار، سیکیورٹی گارڈز بھی ان کی مدد کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق جعلی ایمبولینسوں میں خطرناک اشتہاریوں، سہولت کاروں، مشتبہ افراد کو بھی دوسرے شہروں میں پہنچایا جا رہا ہے۔