ممبران اسمبلی کی استعدادکاربڑھانے کیلئے مثبت اصلاحات کی گئی ہیں،سپیکراسدقیصر

ہفتہ 27 مئی 2017 00:11

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) خیبر پختونخوا اسمبلی کے امور میں متعدد مثبت اصلاحات لائی گئی ہیں جن کے نتیجے میں ممبرانِ اسمبلی کی استعدادِ کار بڑھنے اور اسمبلی کی کارروائی کے جملہ امور میں شفافیت یقینی ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ممبرانِ اسمبلی کی استعدادِ کار بڑھانے کیلئے صوبائی اسمبلی کی سٹیئرنگ کمیٹی کے یورپی یونین کمیشن کے ساتھ ہونے والے ایک اجلاس میںسپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر اور صوبائی وزیرِ محنت انیسہ زیب طاہر خیلی نے کیا جس کی صدارت سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے کی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر اور ممبرانِ اسمبلی کی استعدادِ کار کو بڑھانے کیلئے صوبائی اسمبلی کی سٹیئرنگ کمیٹی کی چیئر پرسن انیسہ زیب طاہر خیلی ، وزیر ِ اعلیٰ کے معاونینِ خصوصی عبدالمنعم خان اور ڈاکٹر امجد علی ، ممبرانِ صوبائی اسمبلی جعفر شاہ ،زرگل خان ، سردار اورنگزیب نلوٹھا اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز(PIPS ( کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے منتخب عوامی نمائندوں کی معاونت سے عوامی فلاح کی جو اصلاحات کی ہیں وہ صرف اداروں کو مضبوط کرنے تک محدود نہیں ہیں بلکہ وہ بہتر قانون سازی تک بھی بڑھائی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ممبرانِ اسمبلی کی استعدادکار کو بڑھانے کیلئے اقدامات اُٹھانے کے سلسلے میں مستقبل میں آنے والے ایم پی ایز کی ضروریات کا بھی خیال رکھا گیا ہے اور جب الیکشن کمیشن سے ان کے انتخاب کا نوٹیفیکیشن جاری ہوجائے گا تو تمام متعلقہ قوانین اور قواعد ان کے رہنمائی کیلئے انہیںفورا فراہم کئے جائینگے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر محنت انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا کہ اراکینِ صوبائی اسمبلی کے 6وفود کو بیرونی ممالک کے پارلیمنٹ کا مطالعاتی دورہ کرایا گیا ہے تاکہ وہ وہاں کے تجربات سے استفادہ اُٹھائیں اور ساتواں گروپ بھی جانے والا ہے جبکہ تمام اراکین کو آئی ٹی کی تربیت بھی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کی تربیت میں خواتین اراکین کا خاص خیال رکھا گیا ہے تاکہ وہ اسمبلی کے جملہ امور میں اپنا فعال کر دار ادا کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے خواتین اراکین اسمبلی میں زیادہ فعال نہیں ہوتی تھیں۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر اجلاس کو ممبرانِ اسمبلی کی استعدادِ کار بڑھانے کے سلسلے میں سٹیئرنگ کمیٹی کے ورک پلان سے آگاہ کر تے ہوئے کہا کہ اراکینِ اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کے امور، بجٹ سازی کے عمل ، تفصیلی قانون سازی، اداروں کی مضبوطی ، شفافیت اور احتساب کے بارے میں استعدادِ کار بڑھانے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں ۔ اس موقع پر یورپی یونین مشن اور پاکستان انسٹیٹوٹ آف پارلیمنٹری سروسز کے نمائندوں نے سٹیئرنگ کمیٹی کی کاوشوں کو سراہا اور اپنی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :