کراچی:آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے اعلٰی سطحٰی اجلاس میں شریک پولیس افسران کو ضروری احکامات دیے

اجلاس میں آئی جی سندھ نے مفرور اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے کریک ڈاؤن ،نئی ریکروٹمنٹ کی تنخواہوں کے جلد اجراء کے احکامات کے ساتھ ساتھ رمضان المبارک سیکیورٹی وٹریفک پلان کا بھی جائزہ لیا

جمعہ 26 مئی 2017 23:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2017ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی ذیرصدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں اعلٰی سطحٰی اجلاس کی صدارت کی اور اجلاس میں شریک پولیس افسران کو ضروری احکامات دیے ۔ایڈیشنل آئی جی کراچی،سی ٹی ڈی سندھ,ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرزسندھ،اسٹیبلشمنٹ ،آئی ٹی ،اسپیشل برانچ ،ٹی اینڈٹی،اے آئی جیزآپریشنز ،ایڈمن اور لیگل کے علاوہ ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعے حیدرآباد، میرپورخاص ،شہید بینظیرآباد،لاڑکانہ اور سکھر کے ڈی آئی جیز نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں آئی جی سندھ نے مفرور اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے کریک ڈاؤن وغیرہ،نیوریکروٹمنٹ کی تنخواہوں کے جلد اجراء کے احکامات کے ساتھ ساتھ رمضان المبارک سیکیورٹی وٹریفک پلان کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مفروراشتہاری ملزمان کے کوائف بشمول نام،عرفیت ،ولدیت،عارضی ومستقل ایڈریس،شناختی کارڈنمبر ،نشانات انگشت وغیرہ پر مشتمل پروفارمہ تیار کیا جائے اور اس ضمن میں دستیاب نادرالنک سے استفادہ کیا جائے ۔

آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ مفرور اشتہاری ملزمان کے بینک ،ایزی پیسہ، موبائل نمبرز یا دیگر اکاؤنٹس نمبر کی تفصیلات کے حصول کے ہرممکن اقدامات اٹھاتے ہوئے انہیں منجمد کرنے کے تمام تر اقدامات کویقینی بنایا جائے ۔آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ مفرورواشتہاری ملزمان کی فہرستیں بمعہ مکمل کوائف دو دن کے اندر تیار کرکے اے آئی جی آپریشنز سندھ کو ارسال کی جائیں۔

انہوں نے اجلاس کے دوران کہا کہ مفرورملزم کی گرفتاری پر ایک جبکہ اشتہاری ملزم کی گرفتاری پر تین پوائنٹ متعلقہ ایس ایس پیز کو دیے جائیں گے علاوہ اذیں اس حوالے سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے متعلقہ ایس ایس پیز کو ایک لاکھ روپئے نقد انعام بھی دیا جائیگا۔آئی جی سندھ نے کہا کہ مفرورواشتہاری ملزمان کے کیس چالان کے ساتھ انکے مکمل کوائف لازمی منسلک کیے جائیں اور کوائف کے بغیرکیس چالان ہرگز ارسال نہ کیے جائیں۔

انہوں نے پولیس میں نیو ریکروٹمنٹ کی تنخواہوں کے اجراء کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی سندھ آفتاب پٹھان کی سربراہی میں کمیٹی کا قیام عمل میں لاتے ہوئے کمیٹی کے سربراہ اور ممبران کو ہدایات دیں کہ نیوریکروٹس کو عیدالفطرسے قبل تنخواہ ہر حال میں ادا کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں۔انہوں نے کمیٹی کو ہدایات دیں کہ نیو ریکروٹس کی تنخواہوں کے اجراء کے دستاویزی امور مکمل نہ ہونے یاتاخیری حربوں سے کام لینے پرمتعلقہ شیٹ کلرکس ودیگر منسٹریل اسٹاف کو معطل کرتے ہوئے تمام تر انضباطی کاروائی کی جائے ۔

انہوں نے کمیٹی کے سربراہ آفتاب پٹھان کو یہ ٹاسک دیا کہ ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کے تحت اگلے عہدوں پرترقی پانیوالے پولیس افسران اور جوانوں کی پے فکسیشن کے معاملات جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ رمضان المبارک سیکیورٹی وٹریفک پلانز پر عمل درآمد اسکی تمام تر ترجیحات کو پیش نظر رکھ کریقینی بنایا جائے ۔

ؤانہوں نے مذید کہا کہ رمضان المبارک کے دوران افطار سے قبل لیاری ایکسپریس وے کو ماڑی پور تا سہراب گوٹھ ون وے کرنیکے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے فیڈنگ جارجز سے متعلق تمام ڈی آئی جیز سے فوری سفارشات طلب کرتے ہوئے ہدایات دیں کہ ڈیوٹی پر موجود تمام پولیس افسران اور جوانوں کو افطار کی سہولیات کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں جبکہ افطار سہولیات میں ٹریفک پولیس کا بھی خیال رکھا جائے ۔#