رمضان المبارک کے دوران معیاری اور سستی اشیاء خورد ونوش کی فراہمی کیلئے سستے بازاروں کا انعقاد یقینی بنا یا جائے گا ،کمشنر کوئٹہ

جمعہ 26 مئی 2017 23:36

کوئٹہ۔26مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) کمشنر کوئٹہ ڈویژن امجد علی خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو معیاری اور سستی اشیاء خورد ونوش کی فراہمی کیلئے ڈویژن کے اضلاع میں سستے بازاروں کا انعقاد کر کے عوام کو ایک ہی چھت تلے خریداری کی سہولت اور ریلف دینے کے اہتمام کو یقینی بنا یا جائے گا ۔یہ بات انہوں نے کمشنر آفس میں منعقد ہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ، پشین ،قلعہ عبداللہ،نوشکی،چاغی اور دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے،کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ خان زہری اور چیف سیکرٹری بلوچستان اور نگزیب حق کی خصوصی ہدایت پر رمضان المبارک کے بابرکت ماہ میں عوام کو خصوصی ریلف دینے کیلئے سستے بازاروں کا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے تمام اضلاع کے سستے بازاروں میں معیاری اشیاء کی کم قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ روزہ داروں کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک ہی جگہ پر معیاری ،سستی اشیاء خورد ونوش کی فراہمی کوممکن بنایا جائے ۔کمشنر نے تاجر برادری سے بھی کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران کھانے پینے کی اشیاء کو معیاری ،مقررہ وزن اور مقررہ نرخ پر فروخت کو یقینی بنایاجائے جبکہ اس حوالے سے پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور انتظامیہ بھی فعال رہیںگی ۔انہوں نے کہا کہ زائد المعیاد، غیر معیاری ،ملاوٹ اورکم وزن،اشیاء خورد ونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :