رمضان المبارک سے پہلے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے آپریشنز میں تیزی،جعلی شربت بنانے والی فیکٹری سیل، 1200تیار بوتلیںتلف، مقدمہ درج

پاک سوئیٹس ، ریاض کولڈسٹور، اسلام میٹ شاپ سیل، ایمبیسیڈر ہوٹل کو 2 لاکھ روپے جرمانہ

جمعہ 26 مئی 2017 23:19

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) رمضان المبارک کے آغاز سے قبل پنجاب فوڈ اتھارٹی کے آپریشنز کومزید تیز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میںشریف پورہ قائداعظم انٹر چینج پرجعلی جامِ شِریں پروڈکشن یونٹ کوبوتل پر لیبل کی عدم موجودگی ،جعلی برانڈاور جعلی اشتہارات اورنیلے کیمکل ڈرمزکے استعمال پر سیل کرتے ہوئے 1200 لیٹر جعلی شربت کو موقع پر ضائع کر دیا گیا۔

بند روڈ پر پاک سو ئٹس پر چھاپے کے دوران پروسیسنگ ایریامیں حشرات کی موجودگی،ملازمین کی ناقص جسمانی صفائی اور سر ڈھانپے بغیر کام کرنے ،اشیاء خوردونوش کوزمین پر بے ترتیب رکھنے ،کھلی نالیاںاور کھلے کوڑے دان ہونے پر سیل کر دیا گیا۔ملتان روڈ پر ریاض کولڈسٹور کو تیار شدہ اشیاء پر تاریخ اجراء اور تاریخ تنسیخ کے موجود نہ ہونے،زنگ آلودہ کنٹینرزمیں اشیاء خوردونوش کو محفوظ کرنے،فروزن پراڈکٹس کو روم ٹمپریچر پر محفوظ کرنے،ملازمین کے لئے کوئی حفاظتی اقدام کے نہ ہونے ،حفظانِ صحت کے اصولوںکو مدنظر رکھے بغیر مضر صحت اشیاء کے استعمال پر سیل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں معروف ایمبیسیڈر ہوٹل کو 2 لاکھ جرمانہ کیا گیا ہے ۔ ڈائریکٹر آپریشنز رافیعہ حیدر نے بتایا کہ ایمبیسیڈر ہوٹل کے کچن سے حشرات، باسی اشیاء خورونوش برآمد ہوئی۔ ٹوٹے فریج میں خون آلود گوشت اور گلا ہوا فروٹ ایک ساتھ پایا گیا۔ ڈیوس روڈ پر شاہ جہاں ہوٹل اور شادی ہال کو ناقص صفائی پر جرمانہ کیا گیا۔ معروف شادی ہال کو زائد المیعاد اشیاء خورونوش، ناقص سٹوریج پر جرمانہ کیا گیا۔

ایوب روڈ نیو شادباغ پر اسلام میٹ شاپ کو ز نگ آلودہ فریزر میں گوشت کو محفوظ کرنے پرسیل کر کے ایف آئی آر درج کروا دی گئی۔بادامی باغ میں طلحہ سویاںکو12 ہزار،دراوغہ والا چوک پر لاہور سوئٹس کو5 ہزار جرمانہ جبکہ مون مارکیٹ حافظ سوئٹس،ثناہ سٹور،عباسی سٹور ،گرین ٹریڈرز،ماما کباب فروش،رفیق سوئٹس،گلشن سوئٹس،پردیسی تکہ فوڈ اسٹریٹ انار کلی شریف جنرل سٹور،شاہی پان شاپ،کیک اینڈ بیکس کو لائسنس اور بہتری کے احکامات جاری کیے گئے۔