کمراٹ جیسے سیاحتی علاقے اورمقامی لوگوںکی آمدورفت کے حوالے سے یہ سڑک انتہائی اہمیت کی حامل ہے

صوبائی وزیر بلدیات کی متعلقہ حکام کو دیر بالا ڈوڈباشرینگل روڈ کے پیکج ون اور ٹو پر ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت

جمعہ 26 مئی 2017 22:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے متعلقہ حکام کو دیر بالا ڈوڈباشرینگل روڈ کے پیکج ون اور پیکج ٹو پر ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمراٹ جیسے سیاحتی علاقے اورمقامی لوگوںکی آمدورفت کے حوالے سے یہ سڑک انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ وہ جمعہ کے روز پشاور میں ڈوڈبا شرینگل روڈ کی تعمیرسے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

واضح رہے کہ 17کلومیٹر لمبی شاہراہ تقریبا 60کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیرہوگی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر برائے عشر و زکوٰة حاجی حبیب الرحمان،سیکرٹری مواصلات و تعمیرات آصف خان ،چیف انجینئر نارتھ طارق اللہ ، ریذیڈنٹ انجینئرخالد سکندر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیر کو ڈوڈبا شرینگل روڈ کی تعمیر سے متعلق بعض مسائل و مشکلات، فنڈز کی فراہمی ، شیرمائی ڈیم پراجیکٹ اور بعض بانڈہ جات کے مکینوں کے تحفظات سے تفصیلی طور آگاہ کیا۔

سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے متعلقہ انجینئر ز کو رکاوٹوں کو حل کرنے کے بارے میں مفید تجاویز دیں اور جلد کام شروع کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ۔ سینئر وزیر نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے مخلوط صوبائی حکومت خطیر رقم خرچ کر رہی ہے اور دیر بالا کیلئے حکومت نے صحت و تعلیم کے علاوہ سماجی بہبود کے متعدد بڑی بڑی ترقیاتی سکیمیں منظور کی ہیں جس پر بر وقت عمل درآمد کیا جائے تاکہ دیر بالا کے لوگوں کو آمدورفت کی بہترین سہولیات میسر آسکیں اور وہ خوشگوار تبدیلی محسوس کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :