لاہور پولیس نے رمضان المبارک کاسکیورٹی پلان ترتیب دیدیا

سحری ، افطاری اور خاص کر نماز کے اوقات میں پولیس کے اسپیشل کمانڈوز کو تعینات کیا جارہا ہے، باقاعدہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں خصوصی تربیت کروائی گئی ہے ڈولفن اور PRU کے جوانوں کو بھی انہی اوقات میں موئثر گشت اور چوکس رہنے کی ہدایت

جمعہ 26 مئی 2017 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2017ء) کپیٹل سٹی پولیس آفیسر لاہورایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے رمضان المبارک کاسکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے جو ہر لحاظ سے جامع اور مفصل ہے۔ سحری ، افطاری اور خاص کر نماز کے اوقات میں پولیس کے اسپیشل کمانڈوز کو تعینات کیا جارہا ہے جن کی باقاعدہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں خصوصی تربیت کروائی گئی ہے۔

ڈولفن اور PRU کے جوانوں کو بھی انہی اوقات میں موئثر گشت اور چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ لاہور پولیس رمضان المبارک میں مساجد و امام بارگاہوں کو فول پروف سکیورٹی دینے کیلئے پُر عزم ہے اور تمام تروسائل بروئے کار لائے گی۔ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر کئے جائیں۔

(جاری ہے)

شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہے۔ افسران خود پوائنٹ پر جاکر اہلکار کو بریفنگ دیں۔

لاہور پولیس کے افسران سے لے کر ہر جوان نمازیوں کی " آپ عبادت کرے ہم حفاظت کریں گی"کے جذبہ کے تحت حفاظت کرے گا۔ رمضان المبار ک کے پاک مہینے میں کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول سے چوکنارہیںاور چھوٹی سے چھوٹی معلومات بھی 8330 یا 15 پر ضرور دیں۔ جب سے سنیپ چیکنگ کے اسپیشل سکواڈ ز تشکیل دیئے گئے ہیں انہوں نے شہر کے مختلف مقامات پر غیر قانونی اسلحہ اور منشیات کے خلاف بھرپور اور بہترین کارروائی کی ہے جس پر یہ مبارکباد اور شاباش کے مستحق ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں سنیپ چیکنگ کے لئے تشکیل دیئے گئے خصوصی اسکواڈزکے اہلکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس پی سکیورٹی لاہور عبادت نثاراور ایس پی ہیڈ کوارٹرز عاطف نذیر بھی موجود تھے ۔ایس پی سکیورٹی لاہورعبادت نثار نے اس موقع پر کہا کہ سنیپ چیکنگ کیلئے تشکیل دیئے گئے اسپیشل اسکواڈ ز کے اہلکاروں کو خصوصی ہدایات اور تربیت دی گئی ہے جنہوں نے آج تک مختلف نوعیت کی کارروائیاں بھی کی ہیں۔ ہمارا یہ پہلا تجربہ کامیاب ہوا ہے جو آئندہ بھی جاری رہے گا۔(معظم فخر)