Live Updates

پورے ملک میں ایک ہی دن پہلے روزے کیلئے رمضان کے چاند کا تنازعہ حل نہ ہوسکا

پشاور کی مسجد قاسم کے خطیب نے خیبر پختونخوا میں (آج) پہلے روزے کا اعلان کردیا ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی ، یکم رمضان المبارک (کل) بروز اتوار کو ہوگا،چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان

جمعہ 26 مئی 2017 23:40

اسلام آباد /پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 مئی2017ء) پورے ملک میں ایک ہی دن پہلے روزے کیلئے رمضان المبارک کے چاند کا تنازعہ حل نہ ہوسکا،ملک میں چاند نظرنہ آنے کے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے برعکس پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے خطیب نے خیبر پختونخوا میں (آج) ہفتے کو پہلے روزے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے خطیب نے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے غیر سرکاری اجلاس منعقد کرنے کے بعد خیبر پختونخوا میں (آج) ہفتے کو پہلے روزے کا اعلان کیا ہے ۔

مفتی پوپلزئی نے کہا کہ رمضان کے چاند کی 13 شہادتیں موصول ہوئیں ،مسجد میں 13 گواہ آئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں ۔ ادھر خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں بھی (آج ) ہفتے کو پہلے روزے کا اعلان کیا گیا ہے ،مقامی رویت ہلال کمیٹی کے مولانا محسن صاحب حق رجڑ نے اس بات کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں مفتی منیب الرحمان کے علاوہ کمیٹی ارکان اورمحکمہ موسمیات کے حکام شریک ہوئے ۔

اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل اور ضلعی کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر ہوئے جنھوں نے چاند کی رویت کے حوالے سے مرکزی کمیٹی کو آگاہکیا۔ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی اس لیے یکم رمضان المبارک (کل) بروز اتوار کو ہوگا۔

اس موقع پر مفتی منیب الرحمان نے ملک کی خوشحالی ،امن وسلامتی کیلئے دعا بھی کرائی ۔اس سے قبل محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ جمعہ کو ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کے واضح امکانات نہیں ہیں چاند کی پیدائش جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب 12بجکر 44 منٹ پر ہوئی، جب کہ چاند نظر آنے کے لیے اس کی عمر کم سے کم 35 گھنٹے ہونا لازمی ہے، جو ابھی تک نہیں ہوئی، جس وجہ سے چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ افق پرجمعہ کو چاند 8 ڈگری پر بلند ہوگا، مگر نظر آنے کے لیے کم سے کم 12 ڈگری ہونا ضروری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق چاند کی پیدائش گزشتہ رات ہوچکی، مگر غروب آفتاب کے وقت تک چاند کی عمر صرف 18 گھنٹے 40 منٹ ہوگی، جب کہ نظر آنے کے لیے 35 گھنٹے کی عمر لازمی ہوتی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب ، خلیجی ریاستوں اورمشرق وسطی میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا لہذا سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں پہلا روزہ (آج ) بروز ہفتہ کو ہوگا۔

دنیا کے بیشتر ممالک میں بھی ہفتے کو یکم رمضان ہے۔ادھر بھارت اور بنگلا دیش میں آج رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا جس کے باعث 1438 ہجری کا پہلا روزہ 28 مئی بروز اتوار ہو گا۔بھارت کی ریاستوں اڑیسہ، مہاراشٹرا، جھاڑکنڈ سمیت کئی ریاستوں کے شہروں میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مقامی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے جس میں چاند نظر نہ آنے کی شہادتوں کے بعد یکم رمضان المبارک 1438 ہجری بروز اتوار پہلا روزہ ہونے کا اعلان کر دیا گیا۔

بھارت میں سرکاری سطح پر چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی قائم نہیں جس کے باعث علما کرام مقامی سطح پر چاند دیکھنے کا اعلان کرتے ہیں۔دوسری جانب بنگلا دیش میں بھی مقامی رویت ہلال کمیٹی نے بھی چاند کی رویت سے متعلق کوئی شہادت سامنے نہ آنے کے بعد اتوار کے روز پہلا روزہ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات