ملک میں قیام امن کیلئے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ردالفساد جاری

مختلف کارروائیوں کے دوران 60 سے زائد ملزمان گرفتار‘اسلحہ و منشیات برآمد

ہفتہ 27 مئی 2017 12:39

ملک میں قیام امن کیلئے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ردالفساد جاری
اوکاڑہ / میانوالی/ بھکر / خانپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2017ء) ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ردالفساد اور کومبنگ آپریشن جاری ہے، مختلف کارروائیوں میں 60 سے زائد ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات قبضے میں لے لیں گئیں۔تفصیلات کے مطابق خان پور میں پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران خاتون سمیت پندرہ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ، ملزمان سے برآمد ہونے والا اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

اوکاڑ ہ کے علاقہ دیپالپور میں پولیس نے آپرشن کے دوران دو منشیات فروش پکڑ کر تین کلو چرس برآمد کر لی ، گوجرخان پولیس نے کارروائی کر کے منشیات کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث ارشد طیب کو گرفتار کر لیا، ملزم سے ڈیڑھ کلو چرس اور اسلحہ قبضے میں لے لیا۔

(جاری ہے)

میانوالی میں پولیس اور رینجرز نے تھانہ ہرنوالی کے علاقے میں کومبنگ آپریشن کر کے بیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر منشیات اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

بھکر، حیدرآباد، تھل اور کلورکوٹ میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران ستائیس مشتبہ افراد کو حراست لے لیا، گرفتار ملزمان سے منشیات اور اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا۔بہاولنگر پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران درجنوں افراد کے کوائف کی بائیو میٹرک تصدیق کی ، کارروائی کے دوران دو منشیات فروشوں سے پانچ سولیٹر شراب برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا۔گزشتہ رات سوئی میں لیویز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کر کے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا، دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے سے تین راکٹ، راکٹ لانچر اور دو ملٹی بیرل گولوں سمیت دیگر اسلحہ برآمد کر لیا۔

متعلقہ عنوان :