سری لنکا میں شدید بارشوں،لینڈ سلائیڈنگ سے 106افرادہلاک

پانچ سو کے قریب گھر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مکمل تباہ ،110افرادلاپتہ،بھارتی امدادی جہاز کی کولمبو آمد

ہفتہ 27 مئی 2017 12:52

سری لنکا میں شدید بارشوں،لینڈ سلائیڈنگ سے 106افرادہلاک
کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2017ء) سری لنکا میں مون سون کی بارشوں کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں106 افراد ہلاک اور 110 افراد لاپتہ ہوگئے۔ پانچ سو کے قریب گھر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مکمل تباہ ہوگئے ،زیادہ تر ہلاکتیں رات کے وقت بارش کے دوران مکانات پر پہاڑ گرنے سے واقع ہوئیں،ادھر امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے بھارت کا جہاز کولمبو پہنچ گیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سری لنکن حکام کا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف حصوں میں ریکارڈ بارش ہوئی۔

آفیشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ سینٹر (ڈی ایم سی) کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک کے جنوبی اور مغربی حصے میں بارش کے باعث 60 ہزار افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔سری لنکا کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ کیڈپٹی وزیر نے کولمبو میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چند علاقے ایسے ہیں جہاں تک ہماری پہنچ نہیں ہے لیکن امدادی کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

حکومتی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہلاک افراد کی تعداد 92 تک پہنچ چکی ہے جس میں ایک فوجی بھی شامل ہے جو ایک متاثرہ شخص کو بچانے کی کوشش میں ہیلی کاپٹر سے گر گئے تھے۔

سری لنکا نے بارش سے تباہی پھیلتے ہی عالمی برادری سے مدد کے لیے اپیل جاری کی تھی جبکہ بھارت کی جانب سے فوری طور پر دو جہاز امدادی سامان اور میڈیکل ٹیمیں بھی موقع پرموجود ہیں ،سری لنکا کے سرکاری بیان کے مطابق بھارت کا پہلا جہاز ہفتے کو کولمبو پہنچ گیا۔خیال رہے کہ سری لنکا کا بارش سیمتاثرہ رتناپور کا یہ علاقہ قدرتی خزانے سے مالامال ہے اور کولمبو سے 100 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔ڈی ایم سی کے ڈائریکٹر آپریشنز ریرایڈمرل اے اے پی لیانیگے نے بتایا کہ پانچ سو کے قریب گھر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مکمل تباہ ہوگئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر ہلاکتیں رات کے وقت بارش کے دوران مکانات پر پہاڑ گرنے سے واقع ہوئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :