پاکستان کا بجٹ انتہائی مایوس کن اور غریب کش ہے ، مہنگائی کا طوفان آئیگا،چودھری محمد یٰسین

برطانیہ میں مقیم کشمیری تارکین وطن ان افراد کو ووٹ دیں جو مسئلہ کشمیر کیلئے جان فشانی سے کام کرسکیں، قائد حزب اختلاف آزاد کشمیر اسمبلی

ہفتہ 27 مئی 2017 14:17

پاکستان کا بجٹ انتہائی مایوس کن اور غریب کش ہے ، مہنگائی کا طوفان آئیگا،چودھری ..
برمنگھم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2017ء) آزادکشمیر قانون سازاسمبلی میں قائد حزب اختلاف وپاکستان پیپلزپارٹی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن چودھری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا بجٹ انتہائی مایوس کن اور غریب کش بجٹ ہے ، اس بجٹ سے مہنگائی کا طوفان آئیگا ۔ برطانیہ میں مقیم کشمیری تارکین وطن ان افراد کو ووٹ دیں جو مسئلہ کشمیر کیلئے جان فشانی سے کام کرسکے ، وہ آج یہاں ممبر پارلیمنٹ مسٹر لیم بیانی،ممبر پارلیمنٹ سابق لارڈ میئر برمنگھم شفیق شاہ اور ممبر پارلیمنٹ خالد محمود کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری وپاکستانی کمیونٹی برطانوی عام انتخابات میں کشمیری اور پاکستانی نژاد امیدواروں کی بھرپور انتخابی مہم چلائیں اور ایسے افراد کی مہم چلائی جائے جو برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو ٹھوس بنیادوں پر چلاسکیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ بجٹ سرمایہ کاروں کا بجٹ ہے ۔

(جاری ہے)

اس میں غریب آدمی کیلئے کوئی رعایت نہیں رکھی گئی ، بجٹ والے روز اس ملک کے غریب محنت کش کسانوں پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس استعمال کی گئی ، درجنوں غریب کسانوں کو گرفتار کیاگیا ان کا کیا قصور ہے ، ان کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ اس دھرتی کا سینہ چاک کر کے اپنے آپ کو مٹی میں ملا کر اناج پیدا کرتے ہیں ان کو اپنی محنت کا اجرچاہتے ہیں ، یہ صرف پیپلزپارٹی کی حکومت کا کارنامہ تھا جنہوں نے غریب کسان کو اس کی محنت کے صلے میں گندم اور دوسری اجناس کے نرخوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا ۔

مسلم لیگ ن کی حکومت نے غریب کسان کو پیس کررکھ دیا ہے اورآج وہ لوگ مجبور ہو کر اسلام آباد کے ڈی چوک پر آئے لیکن ظالم حکومت نے اس گرمی میں ان غریب کسانوں پر جو مظالم ڈھائے ہیں وہ نہ صرف قابل افسوس ہیں بلکہ قابل مذمت ہیں ، انہوں نے کہا کہ آج اس ملک کا ہر فرد اس حکومت سے نالاں ہے ، اور پیپلزپارٹی کے دور کو یاد کرتا ہے ۔ پیپلزپارٹی نے اس ملک کے وسائل غریب عوام کیلئے وقف کر دئیے تھے لیکن موجودہ حکمرانوں نے عوام کا خون چوس کر بیرون ممالک میں اپنی جائیدادیں بنائیں ، حکمران پانامہ کیس میں پوری عوام کے سامنے ننگے ہوچکے ہیں ۔

اور اس بجٹ سے بھی پیسہ نکال کر یہ باہر مزید جائیدادیں بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ہونے والے انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی وفاق اور چاروں صوبوں میں حکومتیں قائم کرے گی ۔ بلاول بھٹو زرداری اس ملک کے وزیراعظم ہوں گے ، انہوںں نے کہا کہ موجودہ بجٹ نے پیپلزپارٹی کیلئے مزید آسانیاں پیدا کردی ہیں ، لوگوں نے اب موجودہ حکومت کی عوام دوستی کا چہرہ دیکھ لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پاکستان کو تباہی کے کنارے پر پہنچا دیا ہے ، آج ملک کے تمام بڑے قومی ادارے مختلف ملکوں کے پاس گروی رکھوا دیئے گئے ہیں ۔