امریکہ ،ْ مسلمان خواتین کو ہراساں کرنے سے روکنے پر 2 افراد قتل

خواتین پر جملے کسنے والے شخص کو 3 افراد نے روکنے کی کوشش کی ،ْ پولیس حکام مذکورہ خواتین ممکنہ طور پر مسلمان تھیں جن میں سے ایک نے حجاب لے رکھا تھا

ہفتہ 27 مئی 2017 17:01

پورٹ لینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2017ء) امریکی ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں مسلمان خواتین کو ہراساں کرنے سے روکنے والے 2 افراد قتل اور ایک زخمی ہوگیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ایک مقامی ٹرین میں رمضان المبارک کے پہلے دن پیش آیا۔پورٹ لینڈ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے بیان کے مطابق واقعہ ہولی وڈ ٹرانزٹ اسٹیشن پر میکس ٹرین میں شام ساڑھے 4 کے قریب پیش آیا ،ْجب ٹرین میں سوار ایک شخص نے 2 خواتین پرجو حلیے سے مسلمان نظر آرہی تھیں ،ْ نسل پرستانہ اور مذہبی فقرے کسنا شروع کیے۔

پولیس کے مطابق خواتین پر جملے کسنے والے شخص کو 3 افراد نے روکنے کی کوشش کی، تاہم خنجر کے وار لگنے سے 2 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔واقعہ کے بعد حملہ آور کو فوری طور پر گرفتار کرلیا گیا ،ْپولیس کی جانب سے پوچھ گچھ سے قبل ہی خواتین بھی جائے وقوع سے چلی گئیں۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ مذکورہ خواتین ممکنہ طور پر مسلمان تھیں، جن میں سے ایک نے حجاب لے رکھا تھا۔

پورٹ لینڈ پولیس کے ترجمان پیٹی سمپسن نے بتایا کہ جس وقت حملہ آور خواتین پر چلا رہا تھا ،ْ چند افراد نے مداخلت کی اور خواتین پر جملے کسنے والے شخص کو اس سے باز رکھنے کی کوشش کی تاہم ملزم نے ان پر حملہ کردیا۔پولیس کا کہنا تھا کہ حملے کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ،ْدوسرے نے ہسپتال میں دم توڑا۔پولیس ترجمان کے مطابق یہ افراد ٹرین میں سفر کررہے تھے تاہم بدقسمتی سے حملے کی زد میں آگئے۔پیٹی سپمسن کے مطابق ملزم صرف اسلام مخالف ہی نہیں بلکہ بہت ساری دیگر چیزوں کے بارے میں بھی بات کر رہا تھا۔

متعلقہ عنوان :