بجٹ مہنگائی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا ہر ماہ منی بجٹ آئیں گے ،سید بلال شیرازی

ادویات، سیمنٹ ،سریا ،کپڑاو دیگر اشیاء مہنگے ہونے سے مہنگائی کا سیلاب آئے گا

ہفتہ 27 مئی 2017 17:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ مہنگائی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا ،ہر ماہ منی بجٹ آئیں گے جس سے غریب اور سفید پوش عوام کا جینا دوبھر ہوجائے گا انہوںنے کہا کہ بجٹ میں ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں میں اضافہ سے ادویات ،سیمنٹ، سریا، کپڑا، مشروبات اور دیگر اشیاء مہنگے ہونے سے مہنگائی کا سیلاب آئے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائو س میں یوتھ ونگ کے عہدیداراوں و کارکنوںسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیدبلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ بجٹ میں عام آدمی کی بہتر ی اور خوشحالی کیلئے کوئی پروگرام نہیں ۔مزدور کی کم از کم تنخواہ میں ایک ہزار اضافہ کرکے 15,000/-کرنا ان سے زیادتی ہے حکومت 15000/-میں مزدور کے گھر کا بجٹ بنا کردکھائے ۔

(جاری ہے)

جبکہ مختلف اداروں میں کم از کم تنخواہ بھی ادا نہیں کی جارہی اور مزدروں کا استحصال کیا جارہا ہے جس کے تدارک کیلئے چیک اینڈ بیلنس کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔

انہوںنے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں10فیصد اضافہ کو اونٹ کے منہ میں زیرا قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں100فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا لیکن تنخواہوں میں10فیصد اضافہ سے تنخواہ دار طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس جائے گا انہوںنے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں میںکم از کم50فیصد تک اضافہ کیا جائے ۔تاکہ ہوشربا مہنگائی میں اسے ریلیف مل سکے۔

متعلقہ عنوان :