وزارت داخلہ نے بانی ایم کیو ایم کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کیلئے سندھ پولیس سے جلد جواب مانگ لیا

جواب موصول ہوتے ہی انٹرپول سے الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کی جائیگی

ہفتہ 27 مئی 2017 19:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2017ء) وزارت داخلہ نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کیلئے سندھ پولیس سے جلد از جلد جواب مانگ لیا ‘ سندھ پولیس کا جواب موصول ہوتے ہی انٹرپول کو الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کی جائے گی‘ وزارت داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے نے انٹرپول کے اعتراضات دور کرنے کیلئے 13 جون تک کی مہلت مانگ رکھی ہے ۔

ہفتہ کو ذمہ دار ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے محکمہ داخلہ سندھ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سندھ پولیس الطاف حسین کیخلاف قائم مقدمات اور گزشتہ برس 21 اگست کو ان کی پاکستان مخالف تقریر کے بعد کئے گئے جلائو گھیرائو اور توڑ پھوڑ کی تفصیلات جلد از جلد فراہم کرے تاکہ 13 جون سے قبل الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کیلئے انٹرپول کو جواب داخل کروایا جا سکے۔

(جاری ہے)

سندھ رینجرز کی طرف سے الطاف حسین کیخلاف درج مقدمات اور ان کی تقریر پر ہونے والے جلائو گھیرائواور نقصانات سے متعلق تفصیلی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کی جا چکی ہے ۔ سندھ پولیس کی رپورٹ کا وزارت داخلہ کو انتظار ہے کیونکہ جس مقدمہ کی بنیاد پر الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کروائے جا رہے ہیں وہ مقدمہ کراچی کے مقامی تھانے میں درج کیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ انٹرپول نے پاکستان کی جانب سے الطاف حسین کی گرفتاری کیلئے ریڈ وارنٹ کے اجراء پر اعتراضات لگا کر واپس کر دیا تھا اور کہا تھا کہ بظاہر الزامات سیاسی نوعیت کے لگتے ہیں اس لئے انٹرپول سیاسی بنیادوں پر کسی کے ریڈ وارنٹ جاری نہیں کرتا ۔ وزارت داخلہ کی درخواست پر ایف آئی اے نے انٹرپول کے اعتراضات دور کرنے کیلئے 2 بار مہلت مانگی ہے اور اب اس کے پاس 13جون تک کا وقت ہے۔ …(رانا+آ چ)