Live Updates

پی سی بی نے پی ایس ایل فکسنگ کیس سے سبق نہ سیکھا، افغان لیگ کیلئے 10پلیئرز کو این او سی دینے کا فیصلہ

کھلاڑیوں میںکامران اکمل، عمر اکمل، سہیل تنویر، رومان رئیس،سہیل خان، محمد نواز، محمد رضوان، عمران خان جونیئر، بابر اعظم اور انور علی شامل، سابق کوچ کبیرخان کے ساتھ اکیڈمی کوچ منصور رانا بھی کابل جائیں گے

ہفتہ 27 مئی 2017 20:09

پی سی بی نے پی ایس ایل فکسنگ کیس سے سبق نہ سیکھا، افغان لیگ کیلئے 10پلیئرز ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 مئی2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فکسنگ کیس سے سبق نہ سیکھا، افغان لیگ کے لیے 10پلیئرز کو این او سی دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔رواں برس پی ایس ایل میں اسپاٹ فکسنگ کیس سامنے آنے پر پی سی بی کے اعلیٰ حکام نے نجی لیگز کیلیے اجازت نہ دینے پر غور کیا تھا، مگر اب افغان لیگ میں 10کھلاڑیوں کو جانے دیا جائے گا،قومی ویمنز ٹیم کے سابق کوچ کبیرخان کے ساتھ اکیڈمی کوچ منصور رانا بھی کابل جائیں گے۔

بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی نے بتایا کہ کھلاڑیوں اور کوچز کو درخواست کرنے کی صورت میں این او سی دینے کی تصدیق کر دی،انھوں نے کہا کہ کسی کو ایونٹ میں شرکت سے نہیں روکا جائے گا۔منتظمین کی جاری کردہ فہرست کے مطابق لیگ میں پاکستان کی10کھلاڑی حصہ لیں گے، ان میں کامران اکمل، عمر اکمل، سہیل تنویر، رومان رئیس،سہیل خان، محمد نواز، محمد رضوان، عمران خان جونیئر، بابر اعظم اور انور علی شامل ہیں، پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر کبیر خان اسپینگھر ٹائیگرز کی کوچنگ کریں گے، ان کی ٹیم میں عمران خان جونیئر شامل ہیں جنھیں7 لاکھ افغانی کے عوض خریدا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پی سی بی کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے ماہانہ بھاری تنخواہ پانے والے کوچ منصور رانا کو کابل ایگلز کی رہنمائی کا کام سونپا گیا ہے۔ ان کی ٹیم میں شامل کامران اکمل5.2 ملین افغانی وصول کریںگے، مساینک نائٹس میں شامل بابر اعظم اور محمد رضوان کا معاوضہ بالترتیب7 لاکھ 40 ہزار اور7 لاکھ افغانی ہوگا۔ بندے عامر ڈرینگز میں موجود سہیل تنویر 4.2 ملین اور عمر اکمل و محمد نواز7،7 لاکھ افغانی کے عوض فروخت ہوئے ہیں۔ بوسٹ ڈیفنڈرز میں شامل رومان رئیس بھی 4.2 ملین افغانی پائیں گے جبکہ ایمو شارکس میں موجود انور علی اور سہیل خان کا معاوضہ 7،7 لاکھ افغانی ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات