پورے شہر اور بلدیہ ٹاون کا بڑا مسئلہ قلت آب اور سیوریج ہے، میئرکراچی

پورے شہر میں نکاسی وفراہمی آب کا نظام درہم برہم ہے کاروبار سے بڑھ کر انسانی جا ن اہم ہوتی ہے،وسیم اختر

ہفتہ 27 مئی 2017 22:15

پورے شہر اور بلدیہ ٹاون کا بڑا مسئلہ قلت آب اور سیوریج ہے، میئرکراچی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2017ء) میئرکراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پورے شہر اور بلدیہ ٹاون کا بڑا مسئلہ قلت آب ہے اور سیوریج ہے پورے شہر میں نکاسی وفراہمی آب کا نظام درہم برہم ہے کاروبار سے بڑھ کر انسانی جا ن ہوتی ہے، شہری آبادیوں کے بجائے پانی چوری کرکے کارخانوں اور فیکٹریوں کو فراہم کیا جارہا ہے ، اسمبلی میں بھی قلت آب پر آواز اٹھائی ہے، لوگ پانی کے بغیر گرمی میں بلبلا رہے ہیں، ہمارے پاس اختیارات، وسائل اور فنڈز نہیں ہیں پھر بھی عوام میں موجود ہیں اور ہماری ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کا فراہمی بلا تعطل فراہم کی جائیں، یہ بات انہوں نے شیر شاہ ، بلدیہ ٹاؤن ، اورنگی ٹائون، فرنٹیئر کالونی یوسی 15 اور ضلع غربی کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی کامران اختر، شازیہ جاوید، سابق ٹائون ناظم اظہار احمد خان، یوسف شہوانی، سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر اسلم خان آفریدی، ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور، سینئرڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ ٹائون میں پانی کے مسائل جلد حل کئے جائیں۔ انڈسٹریل ایریا کی طرف جانے والے پانی کو روکا جائے ، ایف ٹی ایم لائن سے بلدیہ ٹائون آنے والے پانی کو مسرت سینما کے قریب اور ہارون آباد سے پانی بڑے پیمانے پر ناجائز کنکشنز کے ذریعے چوری کیا جارہا ہے، بلدیہ ٹائون کے لوگوں کو ہم صبر کرنے کو کہتے ہیں لیکن صبر کی بھی ایک حد ہوتی ہے، انہو ںنے کہا کہ یوسی 1 اور یوسی 2 کے لئے پمپنگ اسٹیشن بنایا جائے گا تاکہ گھروں تک آسانی سے پانی پہنچ سکے۔

یہاں کے مسائل کا مجھے بھر پور طریقے سے علم ہے جنہیں جلد از جلد حل کیا جائے گا، انہو ںنے کہا کہ ایم ڈی واٹر بورڈ سے اس مسئلہ پر بات ہوئی ہے پراچہ پمپنگ اسٹیشن کے لئے ایک ماہ کے لئے جنریٹر کرائے پر لینے کے لئے کہا ہے، جس سے ماہ رمضان میں پانی کی قلت پر بڑی حد تک قابو پالیا جائے گا، میئر کراچی نے ہدایت کی کہ پیر کے روز سے بلدیہ ٹائون کے علاقے میں چکن گونیا سے بچائو کیلئے اسپرے کیا جائے، بلدیہ ٹاؤن میں بنائے جانے والے نالے کے کاموں کو مزید تیز کیا جائے، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ جو مسائل ہمیں درپیش ہیں اس سے عوام پوری طرح آگاہ ہیں، 41 کروڑ روپے کی لاگت سے بلدیہ ٹائون کے شہریوں کو پانی فراہم کرنے کیلئے ایک اسکیم پر کام جاری ہے اور دوسرے منصوبے کیلئے پی سی ون کے پروسیس کو جلد مکمل کرلیا جائے گا ، اے ڈی پی میں اسکیم دے رکھی ہے عوام امید اور حوصلہ رکھیںخامیوں کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، انہو ںنے کہا کہ جن علاقوں میں پانی کا بحران ہے سندھ حکومت اور واٹر بورڈ ان علاقوں میں توجہ دیں، رمضان کے لئے ایم ڈی واٹر بورڈ کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہنگامی بنیاد پر فیصلے کرنے ہونگے، ایم ڈی واٹر بورڈ نے وعدہ کیا ہے کہ پراچہ پمپنگ اسٹیشن کے لئے جنریٹر ایک ماہ کے کرائے پر لیا جائے گا، ایم ڈی واٹر بورڈ کے مطابق بی ڈی ایم چار دن چلے گا، عوام کو ٹینکر مافیا کے رحم وکرم سے نجات دلانا ہوگی، بجلی کی لوڈشیڈنگ سے سب پریشان ہیں ، ساتھ مل کر چلیں گے تو شہر میں بہتری آئے گی، غیر قانونی کنکشن کو منقطع کرنا واٹر بورڈ کی ذمہ داری ہے،کے فور پر باتیں بہت کی گئی لیکن جسے اس کا فائدہ ہوگا عوام اسے اچھی طرح جانتی ہے، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ ٹائون نمبر 3 میں واقع اکبر گراؤنڈ کی حالت درست کی جائے گی شیر شاہ اور بلدیہ کے مسائل علم میں ہیں عوام مسائل میں گھیرے ہوئے ہیں، اردو بازار روڈ شیرشاہ کی سڑک پر کام جاری ہے، انہوںنے کہا کہ میں دہلی برادری، پٹنی، کاٹھیاوار، کمہار، سومرو جماعت، صورت برادری، ترک برداری، کچھی شہنشاہ برادری سمیت تمام لوگوں کو شکر گزار ہوں کہ انہوں نے عوامی مسائل کے حل کیلئے وہ میرے ساتھ ہیں اور اس کیلئے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اس موقع پر واٹر بورڈ کے حکام نے جس میں ظفر پلیجو شامل تھے کہا کہ بلدیہ ٹائون میں گزشتہ 40 سال سے پانی و سیوریج کے حوالے سے کوئی کام نہیں ہوا یہاں کیلئے میگا اسکیم بننی چاہئے اردو چوک سے فٹبال گرائونڈ تک 320 ملین روپے لاگت کی پانی کی ایک اسکیم شروع کی جارہی ہے جبکہ دوسری کئی اسکیمیں بھی حکومت سندھ کو بھیجی گئی ہیں، توقع ہے کہ اس پر جلد عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔

متعلقہ عنوان :