پشاور،کوہاٹ میں رمضان المبارک کی آمد کے سلسلے میں فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب

بازاروںاور خریداری کے مراکز میں پولیس گشت بڑھا دیا گیا ہے

ہفتہ 27 مئی 2017 22:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2017ء) کوہاٹ میں رمضان المبارک کی آمد کے سلسلے میں فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے جبکہ ٹریفک مسائل پر مئوثر کنٹرول حاصل کرنے کیلئے بھی نظر ثانی شدہ پلان تشکیل دیدیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کی خصوصی دلچسپی اور جامع حکمت عملی کے تناظرمیںضلع بھر کیلئے ماہ صیام کے دوران امن و امان کی مجموعی صورتحال کو یقینی بنانے اور اور عوام کو بھر پورریلیف فراہم کرنے کی خاطر فول پروف سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں شہر کے بازاروںاور خریداری کے مراکز میں پولیس گشت بڑھا دیا گیا ہے اور مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کیلئے سفید کپڑوں میں ملبوس حساس اداروں کے اہلکاروںکی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

خواتین کی خریداری کے مراکز میں خواتین پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے جبکہ پولیس بم ڈسپوزل سکواڈ کو سبزی منڈیوں،ٹرانسپورٹ اڈوںاور دیگر حساس مقامات کے علاوہ رش والی جگہوں پر سویپنگ کے عمل کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردئیے گئے ہیں۔

اسی طرح رمضان المبارک کے دوران سحر و افطارکے اوقات میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور ریپڈ رسپانس فورس کی موبائل و پیادہ گشت بڑھاتے ہوئے تراویح کے اوقات میںحساس مساجد پر پولیس کی نفری تعینات رہے گی ۔شہر کی اہم شاہراہوں پر بھی موبائل گشت میں اضافہ کردیا گیا ہے تاکہ حادثات کی صورت میں فوری پولیس امداد کے امور کو یقینی بنایا جاسکے۔

ماہ مقدس کے دوران شہر میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور ٹریفک جام کی صورتحال پر مئوثر قابو پانے کیلئے نظر ثانی شدہ ٹریفک پلان تشکیل دیدیا گیا ہے جسمیںاہم تبدیلیاں کرتے ہوئے شہر کو مختلف زونزمیں تقسیم کردیا گیا ہے اورٹریفک پولیس اہلکاروں کوشہر کی سڑکوں پر ٹریفک کے دبائو کو کم کرنے کیلئے مخصوص پوائنٹس پر تعینات کردیا گیا ہے۔

ٹریفک پلان کی رو سے پراناجیل روڈ تاپولیٹیکل چوکی،غازی خان ہوٹل چوک،تحصیل گیٹ و زرگراںبازار چوک،کنگ گیٹ،الفلاح مارکیٹ،رائل بیکری چوک،نرسری گیٹ اور گلو بیرہ چوک میں رش کے اوقات میں ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔اسی طرح جنگل خیل گیٹ تا کرک سٹینڈ سڑک کو ٹریفک کیلئے ون وے قرار دیا گیا ہے جبکہ میاں خیل بازار،تانگہ سٹینڈ ،میلاد چوک تا زرگراںبازاراور مین بازار بطرف کنگ گیٹ سڑک کو بھی ون وے قرار دیکرچھوٹی بڑی گاڑیوںکا داخلہ ممنوع کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں رمضان المبارک کے پندرہ روزوں کے بعد میاں خیل بازار میں سینما چوک کی جانب سے ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا اور ون وے پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔