وادی نیلم کے عوام نے پیپلز پارٹی کی قیادت کا استقبال اور شاہ غلام قادر کے خلاف ریفرنڈم کرنے پر وادی نیلم کی عوام کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مشکور ہوں

سابق وزیر تعلیم میاں عبدالوحید کی بات چیت

اتوار 28 مئی 2017 16:50

آٹھ مقام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مئی2017ء) سابق وزیر تعلیم میاں عبدالوحید نے کہا ہے کہ وادی نیلم کے عوام نے پیپلز پارٹی کی قیادت کا استقبال اور شاہ غلام قادر کے خلاف ریفرنڈم کرنے پر وادی نیلم کی عوام کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مشکور ہوں۔ پاکستان کا بجٹ میں آزادکشمیر کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا گیا ہے۔ شاہ غلام قادر کے تمام اعلان دعوے جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے ہیں۔

نیلم تو کیا پورے آزاد کشمیر میں وفاقی بجٹ میں کوئی بڑا منصوبہ نہیں دیا گیا ہے۔ آزادکشمیر کی حکومت وفاق سے کوئی بھی بڑا منصوبہ لینے میں ناکام ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں آزاد کشمیر کے بجٹ کو بارہ ارب سے 68 ارب تک لے گئی تھی۔ صرف چار ارب کی اضافی رقم پر حکومت ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن آزادکشمیر پہلے ہی جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں۔

جھوٹی طفل تسلیوں پر عوام کو بہلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وفاقی بجٹ الفاظ کا ہیر پھیر جمع تفریق کا گورکھ دھندہ ہے ۔ سرکاری ملازمین کی تنخوائیں مہنگائی کے تناسب سے نہ بڑھا کر حکومت نے ملازمین کے چولہے بجھا دئیے ہیں۔ تعلیم صحت اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقعوں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔ شریفوں کی حکومت نے اپنا سریا سیمنٹ بیچنے کے لئے اس کے نرخوں میں اضافہ کیا ہے۔

اشیائے خورد نوش کی قیمتوں میں غیر اعلانیہ اضافہ کیا گیا ہے۔ مخصوڈص طبقوں کو نوازنے کے لئے مسلم لیگ ن کی حکومت نے کسانوں مزدوروں چھوٹے طبقے کو ذبح کر دیا ہے۔ وادی نیلم کے لئے بلند ببانگ دعوے کر کے عوام سے ووٹ لینے والا شاہ غلام قادر بے نقاب ہو چکا ہے۔41 ہزار ووٹ لے کر عوام کو ایک سال میں41 پیسے کا فائدہ نہیں دیا ہے۔ وزیر اعظم انفراسٹکچر کے نام پر چار کروڑ روپے خرد برد کر لئے گئے ہیں۔

سات کروڑ روپے کے پائپ خریداری میں دو کروڑ کمیشن کھایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر کونسل کے پانچ کروڑ روپے وادی نیلم میں دھاندلی کے لئے استعمال کئے گئے تھے ان کی تمام شواہد تفصیلات اکٹھی کر لی گئی ہیں۔ وفاقی نیب میں ریفرنس دائر کرنے کے لئے قانون کے ماہرین سے خدمات حاصل کر لی گئی ہیں ۔اب نیلم کے عوام کا یک ہی نعرہ ہے نیلم کو بچانا ہے سبزی منڈی کے ہاکر کو بھگانا ہے۔

متعلقہ عنوان :