کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیاجائے‘میاں مقصوداحمد

پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت ہندوستان کو دوٹوک الفاظ میں جواب دے‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

اتوار 28 مئی 2017 17:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2017ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے حالیہ مظالم کے نتیجے میں13نہتے افراد کی شہادت کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ہندوستان اپنی تمام اخلاقی حدود پار کرچکاہے۔رمضان المبارک کے آغازمیں بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کھیل کر یہ ثابت کردیا ہے کہ اسے عالمی قوانین کی کوئی پروا نہیں۔

انڈیا مسلسل ریاستی دہشت گردی کو پروان چڑھارہا ہے۔عالمی برادری اور اقوام متحدہ ہندوستان کی پُرتشددکاروائیوں کانوٹس لے۔انہوں نے کہاکہ بھارت جنوبی ایشیا میں چوہدراہٹ قائم کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔پاکستان میں بھی بھارتی جارحیت بے نقاب ہوچکی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان ہندستان کے اصل چہرے کو ساری دنیا کے سامنے لائے اور مسئلہ کشمیر کا معاملہ عالمی عدالت میں بھی اٹھایاجانا چاہئے۔

(جاری ہے)

ہندوستان اگر کل بھوشن کاکیس عالمی عدالت میں لے جاسکتا ہے تو ہم کشمیر کے مسئلے کوعالمی عدالت میں کیوں نہیں اٹھا سکتے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ہم اس سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے۔ہندوستان کی 7لاکھ فوج نے مقبوضہ کشمیر میںظلم وستم اور بربریت کی انتہاکردی ہے۔کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خود ارادیت دیاجائے۔

جب تک جنوبی ایشیا میں مسئلہ کشمیر کاپُرامن اور پائیدار حل نہیں نکالاجاتا امن قائم نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت علی الاعلان سی پیک منصوبے کونقصان پہنچانے کی باتیں کررہی ہے۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ہندوستان کی آنکھوں میں مسلسل کھٹک رہا ہے۔اسے ناکام بنانے کے لیے سی آئی اے،موساد اور ’’را‘‘کاگٹھ جوڑ بھرپورانداز میں سرگرم عمل ہے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان کھیلوں کے میدانوں سے لے کر سفارتی سطح تک پاکستان کے خلاف اقدامات کررہا ہے۔پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت کو چاہئے کہ ہندوستان کو دوٹوک الفاظ میں جواب دے۔