پشاور،ضلعی انتظامیہ کی سبزی و فروٹ منڈی میں کارروائی ، مصنوعی گرانفروشی پر 22 افراد گرفتار

اتوار 28 مئی 2017 19:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مئی2017ء) ضلعی انتظامیہ پشاور کے سپیشل سکواڈ نے علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی میں سرکاری نرخ نامہ جاری کر تے ہوئے مصنوعی گرانفروشی پر 22 افراد کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق رمضان میں پشاور میں سبزی و پھلوں کے بڑھتے ہوئے نرخوں کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پشاور ثاقب رضا اسلم نے سپیشل سکواڈ تشکیل دیا ہے ۔

سپیشل سکواڈ نے اتوار کو علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا ۔اسسٹنٹ کمشنر پشاور محمدمغیث ثناء اللہ کی سربراہی میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بشیر احمد، اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ، نائب تحصیلدار خورشید شاہ، پی آر او ساجد خان،گرداورواقف خان اور جمیل خان اور دیگر سٹاف کے ہمراہ سبزی و فروٹ منڈی میںسبزی و پھلوں کی بولی کے وقت ریٹ کا تعین کیا گیا اور سرکاری نرخ نا مہ جاری کیاگیا۔

(جاری ہے)

سپیشل سکواڈ نے اس موقع پر باریک بینی سے بولی کے عمل کا جا ئزہ لیا اور مصنوعی طور پر اپنے بندوںکے زریعے بولی کے وقت ریٹ زیادہ کر نے پر 22 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ان میں وہ افراد بھی شامل تھے جو کہ بغیر بولی کے مختلف سبزیوں کے ریٹ زیادہ کر کے بیچ رہے تھے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرپشاور محمد مغیث ثنا ء اللہ نے برہمی کا اظہار کر تے ہوئے آرھتیوں کو خبر دار کیا کہ وہ بولی کے عمل کو شفاف بنائیں تانکہ عوام کو ریلیف دیا جا سکے ۔

ڈپٹی کمشنر پشاور ثاقب رضا اسلم کے مطابق پشاور میں مصنوعی گرانفروشوں کیخلاف سخت کاروائی کی جا ئے گی اور کسی کو بھی مصنوعی طور پر ریٹ زیادہ کر نے کی اجازت نہیں دی جا ئے گی۔ انتظامیہ کے مطابق ان گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :