کوئٹہ میں یوم تکبیر کی مناسبت سے مسلم لیگ بلوچستان کے زیر اہتمام تقریب منعقد، 28مئی 1998 ء کو وزیراعظم محمدنواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا،مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کاتقریب سے خطاب

اتوار 28 مئی 2017 21:50

کوئٹہ۔28مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2017ء) ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں یوم تکبیر کی مناسبت سے مسلم لیگ بلوچستان کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقدہوئی ۔ تقریب سے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 28مئی 1998 ء کو وزیراعظم محمدنواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ۔

اب کوئی بھی میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف نہیں دیکھ سکتا۔پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت کی شکل میں دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا۔ ان خیالات کااظہار مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری نصیب اللہ بازئی ،وزیراعلیٰ بلوچستان کے پوٹیکل سیکرٹری ملک ظاہر خان کاکڑ، ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس بلوچ ، علاؤ الدین کاکڑ، شکیب نظر علی زئی ، جان محمد لہڑی اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ انیس سال قبل 28مئی 1998 ء کو وزیراعظم محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرکے ثابت کر دیا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔مقررین نے کہا کہ ملکی قیادت اور فوج ایک صفحے پر ہیں۔وزیراعظم محمد نواز شریف پاکستان کو سی پیک کی صورت میں ایشیاء کا ٹائیگر بناد ے گا۔ دنیا بھر کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں‘ سی پیک منصوبے سے جہاں ایک طرف پاکستان ایشیاء کا ٹائیگر بنے گا وہاں روزگار کے وافر مواقع میسر ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مضبوط ہوئی ہے۔ مسلم لیگی قیادت بہت جلد ملک کولوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی نوید سنائے گی۔انہوں نے کہا کہ مخالفین مختلف حیلے بہانوں سے محمد نواز شریف کو ترقی کے سفر سے روکنا چاہتے ہیں لیکن ان کی خام خیالی ہے۔ ہم مخالفین کو بتانا چاہتے ہیں کہ 2018 ء کے انتخابات میں پاکستان کے عوام ایک مرتبہ پھر مسلم لیگی قیاد ت پر اعتماد کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر برسراقتدار لائیں گے۔

انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ 2018 ء کے انتخابات کے لئے بھرپورتیاریاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں مسلم لیگ بلوچستان میں روز بروز مقبول ہو رہی ہے۔ اس لئے لوگ جوق درجوق شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔تقریب کے آخر میں 28 مئی کی مناسبت سے ایک کیک کاٹا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آئندہ بھی یوم تکبیر کو شایاں شان طریقے سے منائیں گے۔