لاہور،گوالمنڈی میں مالک مکان اور کرایہ دار کے درمیان موٹرسائیکل سے پیٹرول نکالنے پر جھگڑا ، فائرنگ سے نوجوان جاں بحق اور خاتون زخمی

اتوار 28 مئی 2017 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2017ء) گوالمنڈی میں مالک مکان اور کرایہ دار کے درمیان موٹرسائیکل سے پیٹرول نکالنے پر جھگڑا ، فائرنگ سے نوجوان جاں بحق اور خاتون زخمی ہوگئی، پولیس نے زخمی خاتون کو ہسپتال جبکہ نعش کو قبضہ میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دیا ،واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔بتایا گیا ہے کہ گوالمنڈی کے علاقہ نسبت روڈ کے رہائشی ذاکر شاہ نے آغاعلی نامی شخص کو گھر کرائے پر دے رکھا تھا جہاں وہ اپنی والدہ اور بھائی کے ہمراہ ایک سال سے رہائش پزیر تھا ۔

گزشتہ روز مالک مکان اور کرایہ دار کے درمیان موٹرسائیکل سے مبینہ طور پر پیٹرول چوری کر نے کے معاملے پر تلخ کلامی ہو گئی اور بات ہاتھا پائی پرپہنچ گئی جس پر کرایہ دار آغا علی نے مالک مکان ذاکر شاہ اور اسکے بیٹے عباس علی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی فائرنگ کی زد میں آکر مالک مکان کا بیٹا عباس علی موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ مقتول کی خالہ فاطمہ بی بی شدید زخمی ہو گئی ۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی جنہوں نے زخمی خاتون کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جبکہ جاں بحق ہونے والے نوجوان عباس علی کی نعش کو قبضہ میں لیتے ہوئے پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردیا ہے ۔ پولیس کے مطابق مفرور ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے اور جلد اسے گرفتار کر لیا جائے گا۔ (معظم فخر)