کوہاٹ سے مطلوب اشتہاریوں اور منشیات فروشوں سمیت 38مشتبہ افراد کوگرفتار

پیر 29 مئی 2017 21:18

کوہاٹ سے مطلوب اشتہاریوں اور منشیات فروشوں سمیت 38مشتبہ افراد کوگرفتار
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2017ء) کوہاٹ سے مطلوب اشتہاریوں اور منشیات فروشوں سمیت 38مشتبہ افراد کوگرفتار کرلیا گیا ہے۔کاروائی میں زیر حراست افرادسے ناجائز اسلحہ و منشیات اور مشکوک گاڑیاں بھی پکڑی گئی ہیں۔شہر کے مختلف علاقوں میںکامبنگ آپریشن کے دوران کرایہ کے گھروںمیں مقیم بارہ افراد کے خلاف مخصوص قوانین کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کی ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور مجرمانہ سرگرمیوں کے انسداد کیلئے جاری کردہ خصوصی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے پولیس نے شہر اور مضافات کے مختلف علاقوں محمد زئی،استرزئی،سنگیڑھ،قالو خان بانڈہ،حیات شہید کالونی اور ڈھل بہزادی میں اشتہاری مجرمان کے ٹھکانوں اور منشیات فروشی کے اڈوں پر چھاپے مارے جہاں قتل اور اغوائیگی کے مقدمات میں مطلوب خاتون سمیت چار اشتہاریوںمسماةروزمین، پرویز،نعیم اورحامد علی کو گرفتار کرلیا گیاجبکہ کاروائی میں چار منشیات فروشوں عاقل زمان ولد افسر خان،عمران خان ولد شیرین،آصف خان ولد حبیب الرحمان اور احمد گل ولد اشنا گل کو بھی عین اسوقت رنگے ہاتھوںگرفتار کیا گیا جب وہ گاہکوں کے ساتھ چرس کا سودا کرنے میں مصروف تھے۔

(جاری ہے)

اسی طرح رمضان المبارک کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جاری سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے تسلسل میں مختلف تھانوں کی پولیس نے ملحقہ علاقوں سے 30مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ کیلئے متعلقہ تھانوں میں منتقل کردیا ہے۔پولیس نے مختلف کاروائیوں میں گرفتار افرادکے قبضے سے ناجائز اسلحہ و منشیات اور مشکوک گاڑیاں بھی برآمد کرلی ہیں جن میں دو کلوشنکوف،تین بندوق،دو رائفل،دس پستول،سترہ چارجرز،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس،دس کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور چارمشکوک موٹر کار شامل ہیں۔

دریں اثناء پولیس نے چھائونی اور شہر کے حساس مقامات کے علاوہ دیہی علاقوں میں واقع مجموعی طور پر کرایہ کے ساٹھ گھروں کی تلاشی لی اور ان گھروں میں مقیم افراد کے کوائف چیک کرنے کے بعد مقامی تھانوں سے رجسٹریشن نہ کرنے والے بارہ افراد کے خلاف کرایہ داری ایکٹ کے نافذالوقت قانون کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :