جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی جانب سے ایک بار پھر ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری

�فراد شہید ‘ 2خواتین سمیت 4زخمی ‘ طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل ‘عوام میں شدید اشتعال ‘پاک فوج کی منہ توڑ جوابی کارروائی پر دشمن کو سانپ سونگھ گیا بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں عذار احمد ولد محمد رشیداور فضل ولد محمد سید اخان اور زخمی ہونے والوںمیں جمیل احمد ‘قاضی ضمیر ‘جبین محبوب اور طیبہ دختر شامل بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر نہتے معصوم افراد کو نشانہ بنا کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے‘عالمی برادری بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا نوٹس لے وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کی منڈہول سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت

جمعرات 1 جون 2017 14:50

مظفر آباد/ہجیرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جون2017ء) جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی جانب سے ایک بار پھر ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری ‘2افراد شہید ‘ 2خواتین سمیت 4زخمی ‘ طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل ‘عوام میں شدید اشتعال ‘پاک فوج کی منہ توڑ جوابی کارروائی پر دشمن کو سانپ سونگھ گیا‘بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں عذار احمد ولد محمد رشیداور فضل ولد محمد سید اخان اور زخمی ہونے والوںمیں جمیل احمد ‘قاضی ضمیر ‘جبین محبوب اور طیبہ دختر شامل ہیں جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے منڈہول سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر نہتے معصوم افراد کو نشانہ بنا کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے‘عالمی برادری بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا نوٹس لے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر کے ضلع پونچھ کے منڈہول سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب بسنے والے نہتے شہریوں پر بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجہ میں 02افراد شہید جبکہ 02خواتین سمیت 04افراد زخمی ہو گئے ۔ ڈپٹی کمشنر پونچھ راجہ طاہر ممتاز کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں عذار احمد ولد محمد رشیدساکنہ ککوٹہ تحصیل ہجیرہ اور فضل ولد محمد سید اخان ساکنہ چک درہ شیر خان تحصیل ہجیرہ شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والوںمیں جمیل احمد ولد محمد سید ساکنہ بٹل تحصیل ہجیرہ، قاضی ضمیر ولد مقبول ساکنہ لچھیال تحصیل ہجیرہ، جبین محبوب دختر محبوب ساکنہ لچھیال تحصیل ہجیرہ اور طیبہ دختر حنیف ساکنہ رکڑ تحصیل ہجیرہ شامل ہیں ۔

عوام میں شدید اشتعال پھیل گیا ‘ پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب پر دشمن کی گنیں خاموش ہو گئیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ضلع پونچھ منڈہول سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر نہتے معصوم افراد کو نشانہ بنا کر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا نوٹس لے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کرکے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جب سے بھارت میں مودی سرکاراقتدار میں آئی ہے اس نے مقبوضہ کشمیر کے اندر مظالم میں کئی گناہ اضافہ کر دیا ہے بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کی تحریک مزاحمت کے سامنے بالکل بے بس ہو گئی ہے اور اپنی ناکامیوں کو چھپانے اور نہتے کشمیریوں پر مظالم سے عالمی توجہ پھیرنے کے لئے وہ آزاد کشمیر کے پرامن شہریوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنا رہی ہیں ۔

کشمیری بھارت کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہیںہونے دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے غیورعوام بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں اور بھارت پر واضح کرتے ہیں کہ وہ بھارت کی فوجی طاقت سے مرغوب نہیں ہوں گے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری کشمیری بھارتیوں کی حق خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی امداد جاری رکھیں گے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ضلع پونچھ کے منڈہول سیکٹر میںبھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور لائن آف کنٹرول پر بسنے والے افراد کا ہرممکن تحفظ یقینی بنایا جائے۔