صدر مملکت کا مشترکہ اجلاس سے خطاب، اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کے سپیکر ڈائس کے سامنے گو نواز گو کے نعرے

حکومت مخالف پلے کارڈز لہرا دیئے ،صدر کے سامنے ’’جھوٹا صدر‘‘ کا نعرہ ،بعض ارکان نے صدارتی خطاب کی کاپیاں پھاڑ کر ایوان میں پھینک دیں،اپوزیشن لیڈرز کو ایوان میں بولنے کی اجازت نہیں دی گئی

جمعرات 1 جون 2017 15:00

صدر مملکت کا مشترکہ اجلاس سے خطاب، اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کے  سپیکر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جون2017ء) اپوزیشن جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ نے مشترکہ اجلاس میں صدر ممنون حسین کے خطاب کے موقع پر سپیکر ڈائس کے سامنے آکر گو نواز گو کے نعرے لگا دیئے‘ حکومت کے خلاف پلے کارڈز لہرا دیئے گئے‘ صدر کے سامنے ’’جھوٹا صدر‘‘ کا نعرہ بھی لگ گیا‘ بعض ارکان نے صدارتی خطاب کی کاپیاں پھاڑ کر ایوان میں پھینک دیں‘ وزیراعظم کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے متحدہ اپوزیشن نے صدارتی خطاب کا بائیکاٹ کردیا اپوزیشن لیڈرز کو ایوان میں بولنے کی اجازت نہیں دی گئی‘ گورنرز‘ وزراء اعلیٰ اور اعلیٰ عسکری قیادت بھی موجود تھی۔

جمعرات کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس سپیکر سردار ایاز صادق اور چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کی مشترکہ صدارت میں ہوا۔

(جاری ہے)

پونے بارہ وزیراعظم نواز شریف ایوان میں آئے تو حکومتی اراکین نے ڈیسک بجا کر روایتی انداز میں ان کا استقبال کیا جب کہ اپوزیشن اراکین نے گو نواز گو ‘ مک گیا تیرا شو نواز گو ن واز گو اور دیگر نعرے لگانے شروع کردیئے اس دوران اجلاس شروع کرنے کے لئے قومی ترانہ بجایا گیا جس پر تمام اراکین احتراماً اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولؐ کے بعد سپیکر سردار ایاز صادق نے صدر ممنون حسین کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کی دعوت دی۔

اس دوران پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے اراکین نے نکتہ اعتراضات پر بات کرنے کی کوشش کی تاہم سپیکر نے انہیں نظر انداز کردیا جس پر دونوں بڑی اپوزیشن جماعتوں کے اراکین ہاتھوں میں حکومت مکالف نعروں پر مبنی پلے کارڈز اٹھائے سپیکر ڈائس کے سامنے جمع ہوگئے جمشید دستی سیٹیاں بھی بجاتے رہے صدر کے خلاف بھی نعرے لگائے صدر کے خطاب میں رکاوٹ پیدا کرنے کے لئے اپوزیشن اراکین نے انتہائی بلند آواز میں گو نواز گو‘ چاروں صوبوں کی آواز گو نواز گو‘ گلی گلی میں شور ہے چور چور‘ مودی کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے‘ جندال کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے‘ جھوٹا صدر کے نعرے لگائے۔

جمشید دستی نے دہی بھلوں کا بھی نعرہ لگایا جب کہ صدر ممنون حسین نے اطمینان سے اپنا خطاب جاری رکھا وزیراعظ منواز شریف پر سکون انداز میں ہیڈ فون لگا کر صدارتی خطاب سنتے رہے سپیکر ڈائس کے سامنے شدید احتجاج کے بعد نعرے لگاتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کردیا۔ مشترکہ اجلاس میں صدارتی خطاب سننے کے لئے گورنرز ملک رفیق رجوانہ‘ محمد زبیر‘ انجینئر ظفر اقبال جھگڑا‘ محمد خان اچکزئی‘ وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناء الله زہری‘ صدر آزاد کشمیر‘ وزیر اعظم آزاد کشمیر‘ گلگت بلتستان کے گورنر و وزیراعلیٰ‘ چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل زبیر‘ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ‘ فضائیہ ‘ بحریہ کے سربراہان ‘ غیر ملکی سفارتکار اور دیگر شخصیات وزیٹر گیلریوں میں موجود تھیں۔