وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سکندرمیندھرو اور سیکرٹری صحت فضل اللہ پیچوہو کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے

فضل اللہ پیچوہو نے صوبائی وزیر صحت کی جانب سے بھیجی تمام فائلیں واپس کرد یں،سکندرمیندھرو نے اپنے اسٹاف کو سیکرٹری کے دفتر جانے سے روک دیا

جمعرات 1 جون 2017 17:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2017ء) وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سکندرمیندھرو اور سیکرٹری صحت کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں ۔فضل اللہ پیچوہو نے صوبائی وزیر صحت کی جانب سے بھیجی تمام فائلیں واپس کرد ی ہیں جس کے بعد ڈاکٹرسکندر میندھرو نے اپنے اسٹاف کو فضل اللہ پیچوہو کے آفس میں جانے سے ہی روک دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق سندھ کے بااثر سیکرٹری صحت فضل اللہ پیچوہو اورصوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندرمیندھرو کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں ۔

سیکرٹری صحت نے اپنے محکمہ کے وزیر کی جانب سے تین ماہ کے دوران دی گئی ایک بھی ہدایت اور حکم پر عمل نہیں کیا او ان کی ساری فائلیں رد کردیں۔ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرسکندر میندھرو کی جانب سے بلائے گئے اجلاسوں میں بھی فضل اللہ پیچوہو شرکت نہیں کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرسکندر میندھرو نے سیکرٹری کے رویے سے تنگ آکر اپنے اسٹاف کو فضل اللہ پیچوہو کے آفس جانے سے ہی روک دیا ہے ۔

اس ضمن میں ڈاکٹر سکندر میندھرو کے پی ایس ایوب چانڈیو نے بتایا کہ جب سیکرٹری صوبائی وزیر کے احکامات کی تعمیل ہی نہیں کرتا تو ہم وہاں جاکر کیاکریں گے ۔ڈاکٹرسکندر میندھرو نے ہدایت دی ہیں کہ جب تک آصف علی زرداری سے ملاقات نہیں ہوتی اس وقت تک سیکرٹری صحت کو کوئی فائل نہیں بھیجی جائے ۔واضح رہے کہ ا س سے قبل نثار احمد کھوڑو ،میر ہزار خان بجارانی اور جام مہتاب ڈہر سمیت پیپلزپارٹی کے دیگر وزراء کے بھی فضل اللہ پیچوہو سے اختلافات ہوچکے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :