اسفندیار ولی خان کا افغان صدر اشرف غنی اور حامد کرزئی کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ ، کابل دھماکے پر اظہار افسوس

جمعرات 1 جون 2017 23:31

اسفندیار ولی خان کا افغان صدر اشرف غنی اور حامد کرزئی کیساتھ ٹیلیفونک ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جون2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے افغان صدر اشرف غنی اور سابق افغان صدر حامد کرزئی کیساتھ فون پر رابطہ کیا اور گزشتہ روز کابل ہونے والے بم دھماکے پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے این پی دُکھ کی اس گھڑی میں افغان حکومت، افغان عوام اور متاثرہ خاندانوں کیساتھ برابر کی شریک ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ دہشتگردی جہاں بھی ہو قابل مذمت اور قابل تشویش ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ اس مسئلے نے پوری دُنیا کو خطرے میں ڈال دیا ہے اور اب اس ناسور نے عالمی شکل اختیار کی ہوئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے علاقائی کوششوں کے ساتھ ساتھ سنجیدہ اور مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دُنیا کو پرامن بنایا جا سکے اور اس قسم کی کارروائیوں کا راستہ روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے اس دہشتگردانہ کارروائی کو دہشتگردوں کا ڈر اور کمزوری کی علامت قراردیا ہے۔اُنہوں نے ظلم و بربریت کے اس اندوہناک واقعے میں جام شہادت نوش کرنے والوں کے خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دُعا کی ہے اور متاثرہ خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔آخر میں اُنہوں نے ایک بار پھر کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی دُکھ کی اس گھڑی میں افغان حکومت، افغان عوام اور متاثرہ خاندانوں کیساتھ برابر کی شریک ہے۔

متعلقہ عنوان :