وکلاء برادری نے ہمیشہ اصولوں اور جمہوریت کے تحفظ کے لئے انتہائی مثبت کردار ادا کیا ہے‘ملک رفیق رجوانہ

پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے اور پاکستان کی موجودہ قیادت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے دن رات کوششیں کررہی ہے حکومت وکلاء کے مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ان کے حل کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کو یقینی بنارہی ہے‘گورنر پنجاب

جمعرات 1 جون 2017 23:33

وکلاء برادری نے ہمیشہ اصولوں اور جمہوریت کے تحفظ کے لئے انتہائی مثبت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے سے گورنر ہائوس لاہور میں ملتان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ، ملتان ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے علاوہ ڈسٹرکٹ بار راجن پور اور ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ غازی خاں ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں وکلاء برادری نے گورنر پنجاب کو انہیں درپیش مختلف مسائل کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔

ملاقات میں ایڈووکیٹ رفیق احمدبھٹی،ایڈووکیٹ عثمان خان خاکوانی،ایڈووکیٹ فہیم سعید خاں چنگوانی ، ایڈووکیٹ یاسر خاں ببر، ایڈووکیٹ رانا مختار احمد، ایڈووکیٹ رائو عمر دراز، ایڈووکیٹ سردار ارشد خاںدریشک،ایڈووکیٹ سردار زبیر خاں دریشک، ایڈووکیٹ چوہدری شہزاد ، ایڈووکیٹ محمد یوسف زبیر، ایڈووکیٹ سعید انیس مہدی،ایڈووکیٹ محمد عطا رسول قریشی،ایڈووکیٹ سلمان الٰہی قریشی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ اصولوں اور جمہوریت کے تحفظ کے لئے انتہائی مثبت کردار ادا کیا ہے اور ملک کی بقااور جمہوری اداروں کی مضبوطی اور استحکام میں مدد گار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے اور پاکستان کی موجودہ قیادت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے دن رات کوششیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وکلاء کے مسائل سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور ان کے حل کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔

گورنر نے کہا کہ وزارت قانون و انصاف ڈویژن اور ضلع کی سطح پر بار ایسوسی ایشنوں کے مسائل کو فوری حل کرنے اور ان کو جدید تقاضوں سے ہم اہنگ کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) جمہوری اقدار، اصولی سیاست کی روایات، آئین و قانون کی بالادستی پر پختہ یقین رکھتی ہے اور اس ضمن میں حکومت ذمہ داری کے ساتھ دورس اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء انصاف کی فراہمی کے عمل میں کلیدی کردار رکھتے ہیں اور وکلا کی فلاح و بہبود اور بار ایسوسی ایشنوں کی مضبوطی کے لئے حکومتی اقدامات کا بنیادی مقصد عام آدمی تک انصاف کی فراہمی کے عمل کو آسان سے آسان بنانا ہے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے وفاق کی جانب سے ملتان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کو 30لاکھ روپے کا چیک جبکہ ملتان ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کو 10لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔

انہوں نے ڈسٹرکٹ بار راجن پور اور ڈسٹرکٹ بار ڈیرہ غازی خاں ایسوسی ایشن کو بھی 10،10لاکھ روپے کے علیحدہ علیحدہ چیک پیش کیے۔ اس موقع پر وکلاء کے نمائدوں نے گورنر پنجاب کا شکریہ اداکرتے ہوئے انہیں اس بات کا یقین دلایا کہ وکلاء برادری ملک میں جمہوریت کے تحفظ اور ملک و قوم کی بقا کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور اس مقصد کے لئے تمام وکلاء متحد ہیں۔