مسلم لیگ ن نے تاریخی بجٹ پیش کرکے عوام کے دل جیت لئے ہیں،شوکت عزیز بھٹی

ہفتہ 3 جون 2017 19:57

ْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2017ء) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی راجہ شوکت عزیز بھٹی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے تاریخی بجٹ پیش کرکے عوام کے دل جیت لئے ہیں، یہ مثالی بجٹ ہے، پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے لئے آئندہ مالی سال میں 5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ تونسہ، منکیرہ میں 4 دانش سکولوں کی تعمیر، میلسی میں کلاسوں کے اجراء،دیگر دانش سکولوں اور سینٹرز آف ایکسی لینس کی اپ گریڈیشن کے لئے 3 ارب روپے رکھے جا رہے ہیں۔

ہائیر ایجوکیشن کے لئے آئندہ بجٹ میں 44 ارب 60 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ 50 نئے ڈگری کالجز ‘ ٹیچرز اکیڈمی اور 3نئی یونیورسٹیز کی عمارتوں کی تعمیر سمیت ہائیر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ پروگرام کے لئے 16ارب روپے سے زائد کے فنڈز مہیا ہوں گے۔

(جاری ہے)

لیپ ٹاپ سکیم کے چوتھے مرحلے کے لئے 7 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے لئے شہباز شریف میرٹ سکالرشپ کے تحت 80کروڑ روپے اور چیف منسٹر لینگویج پروگرام کے تحت 70 کروڑ روپے کے سکالرشپ دیئے جائیں گے۔

آئندہ مال سال میں صحت عامہ کے لئے 263ارب 22 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جو مجموعی بجٹ کا 15.4فیصد ہے۔ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے لئے 112ارب روپے، ضلعی ہیلتھ اتھارٹی کے لئے 73ارب 50کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے لئے 120 ارب روپے جبکہ کسی محکمے کی ترقیاتی سکیموں کے لئے 25ارب 36 کروڑ روپے رکھے جائیں گے۔

پنجاب صاف پانی کے لئے 25ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے جبکہ پنجاب بھر میں 30کروڑ روپے کی لاگت سے دستی نلکے لگانے کا پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ زراعت، آبپاشی، لائیوسٹاک، جنگلات، ماہی پروری اور خوراک کے لئے 140 ارب 50 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ صنعتی شعبے کی بحالی اور ترقی کے لئے 15 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ قائد اعظم ایپرل پارک کے لئے 4 ارب روپے مختص۔

وزیراعلیٰ خود روزگار سکیم کے لئے 2 ارب روپے جبکہ امن عامہ اور انصاف کے لئے 198ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ روڈ سیکٹرکے لئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 90ارب 64 کروڑ روپے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ جس سے خانیوال، جہانیاں، لودھراں دورویہ سڑک اور چوک میتلا پر پل تعمیر بھی کیا جائے گا۔ سپورٹس اور امورنوجواناں کے لئے ساڑھی8ارب روپے رکھے جا رہے ہیں۔