ماہ رمضان ہمدردی وغمخواری کا مہینہ ہے، تبدیلی عملی تدبیروں سے ہی ممکن ہے، سید منور حسن

کے الیکٹرک کے خلاف مہم حالات کو تبدیلی کی جانب لے جارہی ہے ،ْکارکنان تحریک کوآگے بڑھائیں ،حافظ نعیم الرحمن

اتوار 4 جون 2017 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2017ء) سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہا ہے کہ ماہ رمضان ہمدردی وغمخواری کا مہینہ ہے،تبدیلی عملی تدبیروں کے ذریعے ہی ممکن ہے ،اللہ تعالی روزے دار کوبندگی سکھاتا ہے ،سن 2ہجری تحویل قبلہ ،روزوں کی فرضیت اورجہاد وقتال سے منسوب ہے ،ہماری تحریک وجدوجہد آفاقی ہے ،امت مسلمہ کا اتحاد اوررب تعالی کی حاکمیت کا نفاذ ترجیح اول ہے ،کارکنان عوام کے ساتھ مل کر تحریک کوآگے بڑھائیں ،اخلاق وکردار،عملی جدوجہد اور کوششوں سے لوگو ں کوہمنوا بنائیں ،آخرت کی تیاری وکامیابی کا درست راستہ انقلاب کا راستہ ہے ،انقلاب کے فہم کوسمجھنے کی ضرورت ہے ،کارکنان مایوس نہ ہوں ،کے الیکٹرک کے خلاف مہم حالات کوتبدیلی کی جانب لے جارہی ہے تو یہ انقلابی جدوجہد کہلائے گی ،تنظیمی اہداف کوپورا کیاجائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے نظم ضلع ،نظم زون ،مقامی شورائوں کی شب بیداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔شب بیداری سے ،امیرحلقہ کراچی انجینئر حافظ نعیم الرحمن ،نائب امیرحلقہ کراچی ڈاکٹراسامہ رضی ،امیرضلع شرقی محمد یونس بارائی اس موقع پر قیم ضلع شرقی نعیم اختر،نائب امرائے ضلع سید افتخاراحمد ،توفیق الدین صدیقی ،مرتضی غوری ،ڈاکٹرفواد احمد ،نائب قیم محمد عرفان شیخ اوردیگر بھی موجود تھے ۔

سید منورحسن نے مزید کہا کہ دعوت وتبلیغ کے نتیجے میں قدروں کی پامالی میں کمی ہوتی ہے ،مگرتبدیلی رونما نہیں ہوتی ۔تاریخ اور عہد حاضر گواہ ہے کہ جہاد فی سبیل اللہ کے بغیر تبدیلی واقع نہیں ہوتی ،بروقت فیصلوں کی ضرورت ہے ،بعد میں لکیرپیٹنے کا کوئی فائدہ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ سن 2ہجری میں رجب ،شعبان اوررمضان میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوئیں ،تحویل قبلہ ،روزے کی فرضیت اورجہاد وقتال کا حکم نافذ ہوا ۔

قوم کوبیدار کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں ، عالمگیر جدوجہد کوبرپا کرنے کے لیے پاکیزہ انقلاب کی عملی جدوجہد کوآگے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہماری تحریک وجدوجہد آفاقی ہے ،امت مسلمہ کا اتحاد اوررب تعالی کی حاکمیت کا نفاذ ترجیح اول ہے ۔ عوامی مسائل کے لیے میدان عمل میں نکلنا ہوگا ،کارکنان عوام کے ساتھ مل کر تحریک کوآگے بڑھائیں ۔

انہوں نے کہا کہ اخلاق وکردار،عملی جدوجہد اور کوششوں سے لوگو ں کوہمنوا بنائیں ،منزل اورہدف کا حصول ہی کامیابی کاضامن ہے ۔ ڈاکٹراسامہ رضی نے کہا کہ آخرت کی تیاری وکامیابی کا درست راستہ انقلاب کا راستہ ہے ،انقلاب کے فہم کوسمجھنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان مایوس نہ ہوں ، ایک عظیم جدوجہد ہی ہمیں مقاصد سے قریب ترکرسکتی ہے ۔

محمد یونس بارائی نے کہا کہ تنظیمی اہداف کوپورا کیاجائے ،ماہ رمضان میں نیکیوں کوسمیٹنے کے لیے مجالس ومحافل کے انعقاد کویقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ انفاق کے لیے ہرکارکن کومثال بننا ہوگا،ماہ مبارک میں زکوة وصدقات کے ذریعے بیت المال کواستحکام دیا جائے ۔انہوں کہا کہ 10جون کوبالمقابل بیت المکرم مسجد گلشن اقبال میں شاندارعوامی دعوت افطار سے امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کلیدی خطا ب کریں گے ،مہنگائی ،لوڈ شیڈنگ ،بے روزگاری سمیت دیگرعوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :