راولپنڈی کا شیطان اداروں میں تصادم چاہتا ہے، ایسا نہیں ہو گا ، رانا ثنااللہ

منگل 6 جون 2017 15:33

راولپنڈی کا شیطان اداروں میں تصادم چاہتا ہے، ایسا نہیں ہو گا ، رانا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2017ء) وزیرقانون پنجاب رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ کہ راولپنڈی کا شیطان نہال ہاشمی کے معاملے کو اداروں کے درمیان لڑائی قرار دے رہا ہے اور اداروں میں تصادم چاہتا ہے، نہال ہاشمی کا جرم میری نظر میں صرف جوش خطابت ہے، پی ٹی آئی کو تبدیلی کا نعرہ لگاتے شرم آنی چاہیے،نذرگوندل پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تو اس جماعت کا اللہ ہی حافظ ہے،چوہدری شجاعت کی عمر بیان دینے کی نہیں بلکہ اللہ اللہ کرنے کی ہے۔

منگل کو لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرقانون رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی کا جرم میری نظر میں صرف جوش خطابت ہے لیکن (ن)لیگ نے جوش خطابت پر اپنے کارکن کو سیاسی موت سے ہمکنار کیا، پارٹی قیادت نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت معطل کی اور نہال ہاشمی سے استعفی بھی لے لیا گیا انہیں جو سزا پارٹی نے دی اس سے بڑھ کر اور کوئی سزا نہیں ہوسکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک ذہانت فروش نے استعفی لینے اور دینے کو ڈرامہ کہا اور اسے سازش قرار دیا۔ پنڈی کا شیطان نہال ہاشمی کے معاملے کو اداروں کے درمیان لڑائی قرار دے رہا ہے اور اداروں کو لڑانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اچھی جان لے کہ ملک میں اداروں میں کوئی تصادم نہیں ہوگا اور جمہوری عمل چلتا رہے گاوزیر قانون نے کہا اطلاع کے مطابق نذر گوندل پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں نذرگوندل پی ٹی آئی میں شامل ہوئے تو اس جماعت کا اللہ ہی حافظ ہے اگر ایسے لوگ بھی ان کی جماعت میں شامل ہوتے ہیں تو پی ٹی آئی کو تبدیلی کا نعرہ لگاتے شرم آنی چاہیے۔

مشال خان قتل کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ میں خیبرپختون خوا پولیس کی نااہلی کا ذکر ہے جب کہ مشال قتل کی منصوبہ بندی کا مرکزی کردار بھی پی ٹی آئی سے تعلق رکھتا ہے۔ عمران خان بتائیں کے پی پولیس کی تعریفیں کہاں گئیں اور وہ تبدیلی کے نعرے کہاں گئی کیا عمران خان ایسی ہی تبدیلی لانا چاہتے ہیں ایسی تبدیلی سے عوام پناہ مانگتے ہیں۔ مردان واقعے کی جے آئی ٹی رپورٹ آنے پرعمران خان کومستعفی ہوجاناچاہیے۔

مسلم لیگ (ق)کے صدر چوہدری شجاعت کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس کے حوالے سے صوبائی وزیرقانون نے کہا (ق) لیگ کے صدر اچھی باتیں کرتے تھے لیکن گزشتہ روز انہیں پتہ نہیں کیا ہوگیا انہیں اپنے بیان پر خود شرم محسوس ہونی چاہئے چوہدری شجاعت کی عمر اس طرح کے بیان دینے کی نہیں بلکہ اللہ اللہ کرنے کی ہے۔