ننکانہ صاحب میں سوئی گیس فراہم کی جائے، ڈاکٹر شذرہ منصب کا مطالبہ

سوئی گیس فراہمی حلقہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ اور بنیادی ضرورت ہے ‘ بابا گورو نانک یونیورسٹی کے قیام اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پبلک ڈپلومیسی کیلئے خصوصی فنڈز مختص کئے جائیں پاکستان کو دہشت گردی اور بھارت سے خطرات لاحق ہیں،دفاعی بجٹ میں اضافہ خوش آئند ہے،مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی کا بجٹ بحث کے دوران خطاب

بدھ 7 جون 2017 18:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جون2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ننکانہ صاحب میں سوئی گیس فراہم کی جائے اور یہ حلقہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے اور بنیادی ضرورت ہے ‘ ننکانہ صاحب میں بابا گورو نانک یونیورسٹی کے قیام کیلئے فنڈز مختص کئے جائیں ‘ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پبلک ڈپلومیسی کیلئے خصوصی فنڈز مختص کئے جائیں ‘ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی اور بھارت سے خطرات لاحق ہیں ان حالات میں دفاعی بجٹ میں اضافہ خوش آئند ہے۔

ڈاکٹر شذرا منصب علی نے قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پارلیمانی وفود کے بیرون ممالک دوروں سے ممالک کی سوچ اور رویہ میں تبدیلی آتی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر کے حوالے سے پبلک ڈپلومیسی کے لئے خصوصی بجٹ مختص کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میرے حلقے ننکانہ صاحب کے تین بڑے مسئلے ہیں جن کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔

ننکانہ صاحب میں سوئی گیس فراہم کی جائے یہ ایک بنیادی ضرورت ہے۔ ننکانہ صاحب ایک تاریخی شہر ہے یہ بابا گورو نانک کی جائے پیدائش ہے ۔ بابا گورونانک یونیورسٹی کے لئے فنڈز مختص کئے جائیں اور اس تاریخی منصوبے کے لئے سیاست کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ یونیورسٹی کے قیام کے لئے حکومت اصولی طور پر منظوری دے چکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دفاعی بجٹ میں اضافہ خوش آئند ہے۔

پاکستان عالمی سطح پر امن کے قیام کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان کو دہشت گردی اور بھارت سے خطرات لاق ہیں ۔ ان حالات میں دفاعی بجٹ میں اضافہ ضروری ہے۔ وزیر اعظم کی جانب سے کشمیر کے حوالے سے خصوصی نمائندے بیرون ممالک کے دورے پر بھیجنا اچھا فیصلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اہم مسئلہ ہے اس سے نمٹنے کیلئے روڈ میپ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک موجودہ حکومت کا ایک بڑا کارنامہ ہے۔ …(رانا+و خ)