نااہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں نے ملک کو ہر لحاظ سے نقصان پہنچایا ہے،امید ہے سپریم کورٹ اور فوج اپنا کردارادا کریں گی،پرویز مشرف

پاکستان کو اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے،عالمی برادری میں اپنا وقار کھوچکے ،ہمیں فرقہ وارانہ بنیادوں پر کسی کا ساتھ دینے کی بجائے ثالثی کا کردارادا کرنا چاہئے،حالات سے نمٹنے کیلئے لیگوں کو یکجا کر کے گرینڈ لائنس بنائیں ، سابق صدر کی پریس کانفرنس

بدھ 7 جون 2017 21:31

نااہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں نے ملک کو ہر لحاظ سے نقصان پہنچایا ہے،امید ..
اسلام آباد/دوبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2017ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین اور سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں کی غلط پالیسیوں نے ملک کو ہر لحاظ سے نقصان پہنچایا ہے، امید ہے سپریم کورٹ اور فوج اپنا کردارادا کریں گی،پاکستان کو اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہے۔ہم بین الاقوامی برادری میں اپنا وقار کھوچکے ہیں،ہمیں فرقہ وارانہ بنیادوں پر کسی کا ساتھ نہیں دینا چاہئے بلکہ ثالثی کا کردارادا کرنا چاہئے۔

ہرشہری کا فرض ہے کہ ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کے لئے کردارادا کرے۔تبدیلی سیاسی جماعتیں جمہوری عمل ہی سے لائیں گی۔ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے حزب اختلاف کی جماعتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

حالات سے نمٹنے کیلئے لیگوں کو یکجا کر کے گرینڈ لائنس بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو دوبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

قبل ازیں اہم سیاسی شخصیات نے سید پرویز مشرف کی رہائش گاہ پران سے ملاقات کی ۔ملاقات میں موجودہ ملکی صورتحال ، خارجہ پالیسی، داخلی حالات اور عالمی افق پر تیزی سے آنے والی تبدیلیوںاور ان کے پاکستان پر اثرات سے متعلق گفتگو کی گئی۔اس موقع پر پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمدا مجد بھی موجود تھے۔ ملاقات کرنے والے راہنمائوں میں سنی اتحاد کونسل کے راہنماصاحبزادہ حامد رضا اور میاں فہیم،مجلس وحدت المسلمین سے ناصر شیرازی اور اسد نقوی،مسلم لیگ جونیجو کے راہنما اقبال ڈار،مسلم لیگ کونسل کے گوہرعلی،قومی مسلم لیگ کے چودہری امجد وڑائچ، عوام لیگ کے ریاض فتیانہ،پاکستان مزدور محاذ سے نعیم قریشی اور اے پی ایم ایل سے سید فقیر بخاری شامل تھے۔

ملاقات میں ممکنہ گرینڈ الائنس کے حوالے سے تفصیلی گفتگو بھی کی گئی۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید پرویز مشرف نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی چوتھی مرتبہ اقتدار میں آئی ہیں مگریہ ملکی مسائل حل کرنے کی بجائے مزید خراب کرتی ہیں۔پاکستان کو اندرونی اور بیرونی سطح پر خطرات کا سامنا ہے۔ بھارت اور افغانستان اسے پاکستان کو خطرات ہیں۔ہم دنیا میں اپنا وقار کھو چکے ہیں۔

امریکہ سمیت ایران، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے برادر ممالک سے بھی تعلقات کشیدہ ہیں۔ ملک کو معاشی طور پر کھوکھلا کردیا گیا ہے۔غلط اعدادوشمار کے ذریعے لوگوں کو بے وقوف بنایا جارہا ہیے۔حقیقت میں ہماری معاشی حالت بہت زیادہ خراب ہے۔ہماری ایکسپورٹ تیزی سے نیچے کی طرف آ رہی ہے۔ براہ راست کوئی بیرونی سرمایہ کاری نہیں ہورہی،ان وجوہات کی بنا پر ڈالر سوروپے سے بھی زیادہ کا ہوچکا ہے۔

ہمارے ہاں امن وامان کی صورتحال بھی انتہائی افسوسناک ہے۔سیاسی جماعتیں کچھ نہیں کررہیں۔ایسے حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ حزب اختلاف کی تمام جماعتیںمتحد ہوجائیںاور ایک بڑے اتحاد کی صورت اختیار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں جمہوری عمل ہی سے تبدیلی لائیں گی۔ملک کے ہر شہری کا فرض بنتا ہے کہ ملکی صورتحال کی بہتری کے لئے اپنا اپنا کردادرادا کرے۔

امید ہے کہ سپریم کورٹ اور فوج بھی اپنا کردارادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تمام لیگوں کو یکجا کر کے ایک وسیع اتحاد بنایا جائے جو 2018کے انتخابات میں عوامی حقوق کی جنگ لڑے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں پاکستانیوں کو دنیا بھر میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔بہتر خارجہ پالیسی کی بدولت ملکی و قومی وقار ،عزت اور اعتماد میںاضافہ ہوتا ہے۔

اس موقع پر پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے ذاتی مفادات کی خاطر قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کا پاکستان کی آزادی اور خود مختاری کا خواب چکنا چور کردیا ہے۔دہشت گردی،لاقانونیت،انتہا پسندی،غربت،بے روزگاری،معاشی ابتری،ناانصافی اور لوٹ مار جیسے عوامل نے عام آدمی کا جینا محال کردیاہے۔

سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے دور اقتدار میں صرف اپنی جیبیں بھری ہیں ۔انہوں نے عوام سے ووٹ تو لئے مگر اس کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچائے جس کے نتیجے میں امیرامیرتر ہواجبکہ غریب خود کشی کرنے پر مجبور ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ متوسط طبقہ تیزی سے ختم ہوتا جارہا ہے۔ذراعت تباہ ہورہی ہے،کاشتکار بدحال ہے۔اگر ہم نے اب بھی آنکھیں نہ کھولیں تو آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔