اوگرا نے سوئی گیس کمپنیوں کو ٹول فری ہیلپ لائن کی کارکردگی بہتر بنانے ‘ بل کی درستگی کیلئے قریبی مقامی دفتر کا رابطہ نمبر فراہم کرنیکی ہدایت کردی

بدھ 7 جون 2017 22:46

اسلام آباد/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جون2017ء) اوگرا نے سوئی گیس کمپنیوں کو صارفین کی شکایات دور کرنے کیلئے نئی ہدایات جاری کردیں، ٹول فری ہیلپ لائن کی کارکردگی بہتر بنانے اور بل کی درستگی کیلئے قریبی مقامی دفتر کا رابطہ نمبر فراہم کرنے کی ہدایت کردی گئی۔اوگرا کی طرف سے دونوں کمپنیوں کو جاری کی گئی نئی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اوگرا کو دونوں کمپنیوں سے متعلق لاتعداد شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

ان شکایات کی بنیادی وجہ کمپنیوں کی طرف سے صارفین کی شکایات کے ازالے کیلئے مربوط طریق کار نہ ہونا ہے۔ کمپنیوں کو کہا گیا ہے کہ ٹول فری ہیلپ لائن نمبر کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات لیں۔ بیشتر صارفین کی شکایت ہے کہ کمپنی کی طرف سے دیئے گئے نمبر سے رابطہ کرنا مشکل ہے۔

(جاری ہے)

شکایت کے اندارج اور اس پر پیش رفت جانچنے کا بھی کوئی طریقہ کار نہیں ہے۔

اوگرا نے ہدایت کی ہے کہ گیس بلوں پرایمرجنسی نمبر(1199 )کو نمایاں طور پر سامنے والے حصے پر لکھا جائے۔ صارفین کی میٹر بلنگ اور ٹیرف شکایات دور کرنے کیلئے بل پر مقامی دفتر کا رابطہ نمبر بھی دیا جائے، میٹرریڈنگ والی تصویر واضع اوربڑی کرکے بل پر لگائی جائے جبکہ صارفین شنوائی نہ ہونے پراوگرا کو تحریری یا آن لائن طورپربھی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔