دہشت گردانہ حملوں پر ٹرمپ کا ردعمل سخت ناپسندیدہ ہے، ایران

ایسے موقع پر جب ایرانی عوام امریکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا شکار ہیں، وائٹ ہاؤس کا بیان افسوسناک ہے،جواد ظریف

جمعرات 8 جون 2017 15:07

دہشت گردانہ حملوں پر ٹرمپ کا ردعمل سخت ناپسندیدہ ہے، ایران
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2017ء) ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے تہران میں گزشتہ روز ہونے والے دہشت گردانہ حملوں پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ردعمل کو ’’سخت ناپسندیدہ‘‘ قرار دیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق جواد ظریف نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں لکھا کہ ایک ایسے موقع پر جب ایرانی عوام امریکی حمایت یافتہ دہشت گردی کا شکار ہیں۔

وائٹ ہاؤس کا بیان سخت ناپسندیدہ ہے۔

(جاری ہے)

جواد ظریف نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لکھاکہ وائٹ ہاؤس کی طرف سے بیزار کن بیان اور امریکی سینیٹ کی طرف سے پابندیاں، اس وقت جب ایران امریکا کی حمایت یافتہ دہشت گردی کا مقابلہ کر رہا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے امریکی صدر کی طرف سے تہران میں دہشت گردی سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ بظاہر ہمدردی اور افسوس کے اظہار کے جواب میں یہ بھی کہاکہ ایرانی عوام امریکا کی طرف سے دوستی کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہیں۔

جواد ظریف کا یہ رد عمل ٹرمپ کے اس بیان پر آیا جس میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ جو ریاستیں دہشت گردی کو فروغ دیتی ہیں وہ اپنے ہی پیدا کردہ اس بدی کا شکار ہونے کے خطرے سے دو چار ہوتی ہیں۔ تہران میں گزشتہ روز ہونے دو حملوں کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔ ان حملوں میں 13 افراد ہلاک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :