مقبوضہ کشمیر ، قابض بھارتی فوج نے 6بے گناہ کشمیریوں کو عسکریت پسند قرار دے کر شہید کردیا

بھارتی جارحیت کے خلاف کشمیری سڑکوں پر نکل آئے ،ہندوستان کے خلاف نعرے بازی ، بھارتی سیکورٹی فورسز کامظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ ، متعدد افراد زخمی آزادکشمیر کے نگام سیکٹرسے ممکنہ طور پر مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش میں 3 مبینہ عسکریت پسندوں اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں تینوں حملہ آور اور ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا، میچل سیکٹر میں 3 مبینہ عسکریت پسندمارے گئے ،بھارتی فوج کا دعویٰ

جمعرات 8 جون 2017 21:29

سرینگر/نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے 6بے گناہ کشمیریوں کو عسکریت پسند قرار دے کر شہید کردیا جس پر کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی اس دوران بھارتی سیکورٹی فورسز نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ بھی کی جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے 6بے گناہ کشمیریوں کو عسکریت پسند قرار دے کر شہید کردیا،واقعے کے بعد کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی اس دوران بھارتی سیکورٹی فورسز نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ بھی کی جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

دوسری طرف بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیہ نے دعوی کیا ہے کہ آزاد جموں اور کشمیر کے سیکٹر نگام سے ممکنہ طور پر مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش میں 3 مبینہ عسکریت پسندوں اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں تنیوں حملہ آور اور ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک اور واقعے میں میچل سیکٹر میں 3 مبینہ عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے۔

تاہم اس واقعے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ مقبوضہکشمیر میں مسلح جدو جہد کے آغاز اور بھارتی فوج کے خطے میں کریک ڈان کے دوران اب تک 70 ہزار سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔حالیہ کچھ سالوں میں بھارتی فورسز نے بڑی تعداد میں حریت پسندوں کو دبانے کی کوشش کی ہے، تاہم بھارتی حکومت کے خلاف یہاں کے عوام میں مخالفت بڑھتی جارہی ہے جس کا اظہار اب بیشتر سڑکوں پر ہونے والے مظاہروں کی صورت میں نظر آرہا ہے۔

27 مئی 2017 کو کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج کی کارروائیوں کے نتیجے میں حزب المجاہدین کے کمانڈر سبزر احمد بٹ سمیت 11 کشمیری نوجوان شہید ہوئے تھے۔واضح رہے کہ بھارتی فوج نے ان نوجوانوں کو فائرنگ کے تبادلے میں شہید کرنے کا دعوی کیا، تاہم آزاد ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے سبزر احمد بٹ اور ان کے ساتھیوں کو پہلے گرفتار کیا اور بعدازاں انہیں حراست کے دوران قتل کیا گیا۔یاد رہے کہ حزب المجاہدین کے 22 سالہ کمانڈر برہان مظفر وانی کو ہندوستانی فوج نے گذشتہ سال 8 جولائی کو ایک مقابلے میں شہید کیا تھا، جن کی شہادت کی خبر پوری ریاست میں بہت تیزی سے پھیلی اور کشمیری شہریوں کی جانب سے شدید احتجاج دیکھنے میں آیا۔