کشمیر کی تحریک آزادی سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، تشدد کے ذریعے مسلمانوں کو جھکنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، جماعة الدعوة

مسلم مقبوضہ خطوں کے متعلق عالمی برادری اپنا دہرا معیار ترک کرے، رمضان فتوحات کا مہینہ ہے، پاکستان بھی ماہ رمضان میں قائم ہوا، مزمل اقبال ہاشمی

جمعہ 9 جون 2017 22:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2017ء) جماعة الدعوة کراچی کے مسئول مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ کشمیر کی تحریک آزادی سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ تشدد کے ذریعے مسلمانوں کو جھکنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔ مسلم مقبوضہ خطوں کے متعلق عالمی برادری اپنا دہرا معیار ترک کرے۔ رمضان فتوحات کا مہینہ ہے، پاکستان بھی ماہ رمضان میں قائم ہوا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں اجتماع جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ رمضان المبارک ایثار و قربانی کے ساتھ جہاد فی سبیل اللہ کا بھی مہینہ ہے، اس ماہ مبارک میں اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کوبڑی فتوحات سے نوازا ہے۔ جنگ بدر کی کامیابی، سندھ میں اسلام کی آمد اور پاکستان بھی ماہ رمضان میں قائم ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو زیر نہیں کرسکتا۔ سازش کے تحت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو متاثر کیا جا رہا ہے۔ ظلم و جبر کے ذریعے کشمیریوں کے املاک کو نقصان پہنچایا جاسکتا ہے لیکن ان کے دلوں سے جذبہ ایمان نکالا نہیں جاسکتا۔ مزمل اقبال ہاشمی نے پاکستان اسلام پسندوں کا ملک ہے، یہاں رہنے والے مسلمانوں کا آپس میں لڑنا فساد ہے۔

پاکستان کے دفاع اور استحکام کے لیے پوری قوم کا متحد ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر، شام و فلسطین میں انسانیت سوز مظالم کی وجہ سے مظلوم مسلمان کسمپرسی کی حالت میں رمضان گزار رہے ہیں۔ ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ روزے کا مقصد تقویٰ کا حصول تھا، اگر ماہ رمضان نے ہماری زندگیوں میں مثبت تبدیلی پیدا کی ہے، تو ہم کامیاب ہیں ورنہ ناکام رہیں گے۔