سندھ حکومت کی کرپشن کے باعث تھر میں لوگ قحط سالی ، بھوک و افلاس اور پیاس سے ہلاک ہو رہے ہیں ، انور گجر

ہفتہ 10 جون 2017 16:37

سندھ حکومت کی کرپشن کے باعث تھر میں لوگ قحط سالی ، بھوک و افلاس اور پیاس ..
ْکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2017ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد انور گجر ، کراچی ڈویژن کے کوآرڈینیٹر رزاق باجوہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پارٹی کے چیئرمین سردار ممتاز علی بھٹو سندھ کے نااہل ، کرپٹ ، بدکردار حکمرانوں سے نجات کے لیے آج سے تحریک کی شروعات کا آغاز کرکے آئندہ کے لائحہ کا اعلان کریں گے اور ضلع ملیر کا دورہ کرکے گلشن حدید میں سندھ نیشنل فرنٹ کراچی ڈویژن کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر میں شرکت کرکے پارٹی ورکروں اور عوام سے اہم خطاب کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پی پی کی سندھ حکومت 9 سالوں سے عوام کے لیے عذاب بن کر ظلم و زیادتیوں کا نشانہ بنا رہی ہے اور اب تو سندھ کے عوام کی جان کی بھی دشمن بن گئی ہے ۔

(جاری ہے)

زرداری پارٹی کی کرپشن اور لوٹ مار کے باعث تھر میں غربت ، بھوک و افلاس اور قحط سالی عوام کی ہلاکتوں کی میں اضافہ ہو رہا ہے اور معصوم بچے ، خواتین بزرگ اور نوجوان بڑی تعداد میں موت کی آغوش میں جا رہے ہیں ۔

خوراک و ادویات نہ ہونے کے باعث انسان تو انسان جانوروں کا بھی زندہ رہنا مشکل ہو گیا ہے لیکن حکمران ٹولہ تھر کے غریب لوگوں کی جانیں بچانے کے بجائے صرف لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہے اور تھر کے غریب عوام کے لیے رکھا گیا پیسہ بھی ڈکار گئے ہیں ۔ زرداری کی سندھ حکومت مزید اقتدار میں رہی تو یہ لوگ پورے سندھ کو تھر اور ریگستان بنا دیں گے ۔ ان کی کرپشن اور لوٹ مار ، بدانتظامی ، مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی ، صحت و صفائی اور گندگی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے ۔

سندھ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے حالانکہ سندھ کے عوام بھی دیگر صوبوں کی زرداری حکومت سے نجات چاہتے ہیں لیکن یہ لوگ یہاں پر صرف لاٹھی ، ڈنڈے ، زور زبردستی ، بدمعاشی اور انتظامیہ کے بل بوتے پر عوام پر زبردستی مسلط ہیں ۔ سندھ نیشنل فرنٹ سردار ممتاز علی بھٹو کی قیادت میں زرداری کی حکومت کی کھلی غنڈہ گردی کو ختم کرنے کے لیے میدان میں نکل کر عوام کو نجات دلانے کے لیے اپنی جدوجہد کو تیز کرکے ان کا گہراؤ کریں گے ۔

دھرتی کا نمک کھانے والے عوام کو ان دھرتی دشمن حکمرانوں سے نجات کے لیے سندھ نیشنل فرنٹ کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آنا ہو گا کیونکہ سندھ نیشنل فرنٹ ہی واحد سیاسی جماعت ہے ، جو ان کرپٹ ، بے ایمان زرداری ٹولے کے خلاف میدان میں نکل کر حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرکے عوام کے حقوق اور دھرتی کے تحفظ کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں کیونکہ سردار ممتاز علی بھٹو اقتدار کی نہیں بلکہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :