غازی سانحہ نشتر پارک علامہ ریاض الدین قادری انتقال کرگئے

علامہ کی شہادت سے علما اہلسنت ایک عظیم علمی اور روحانی شخصیت سے محروم ہوگئی ہے، نماز جنازہ میں علمائے اہلسنت کی شرکت اور گفتگو

اتوار 11 جون 2017 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2017ء) تحریک عوام اہلسنت پاکستان کی علما کونسل کے جنرل سیکرٹری و بانی چیئرمین شہید محمد حنیف بلو کے دیرینہ ساتھی غازی سانحہ نشتر پارک علامہ ریاض الدین قادری گذشتہ روز طویل علالت کے بعد رضائے الہی سے انتقال کرگئے، مرحوم کی نماز جنازہ اتوار کو بعد نماز ظہر پریڈی اسٹریٹ، نزد سینٹرل جیکب لائن، لائینز ایریا میں ادا کی گئی جبکہ مرحوم کی تدفین جامع مسجد، دارالصلاح، لائینز ایریا میں کردی گئی۔

مرحوم علامہ ریاض الدین قادری کی نماز جنازہ جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے ناظم صوفی محمد حسین لاکھانی نے ادا کرائی۔ نماز جنازہ میں تحریک عوام اہلسنت پاکستان کے چیئرمین محمد عاطف حنیف بلو، سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب، علامہ اشرف گورمانی، سکندر قادری، شعیب بابا، مفتی محمد اویس، مولانا،ا حمد ر ضا طیب ، نور عالم برکاتی، علامہ دین محمد قادری، مولانا عبید نقشبندی، مولانا رئیس قادری، علامہ عدنان مدنی، سمیع اللہ حسینی، علامہ الطاف امجدی، علامہ فاضل صاحب، علامہ ارشاد قادری، مفتی عبدالواحد، مولانا صابر حسین چشتی، صوفی شاہد حسین، صوفی زاہد سلطانی و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فضا انتہاہی سوگوار اور ہرآنکھ اشکبار تھی۔ علامہ ریاض الدین قادری کو نماز جنازہ کے بعد ان کی خواہش کے تحت جامع مسجد، دارالصلاح، لائینز ایریا میں سپرد خاک کردیا گیا۔ اس موقع پر تحریک عوام اہلسنت پاکستان کے چیئرمین محمد عاطف بلو نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ علامہ ریاض الدین قادری اور ان کے والد شہید محمد حنیف بلو نے مل کر تحریک کی داغ بیل ڈالی اور میرے والد شہید محمد حنیف بلو کے دیرینہ ساتھیوں میں تھے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ نشتر پارک میں جہاں دہشتگردوں نے دہشتگردی کرکے ان کے والد سمیت 63 سے زائد علما کرام اور مشائخ عظام کو شہید کردیا تھا، اس وقت بھی علامہ ریاض الدین قادری میرے والد شہید محمد حنیف بلو کے ساتھ ہی موجود تھے اور وہ زخمی ہوئے اور غازی بنے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محمد حنیف بلو کی شہادت کے بعد سے آج تک علامہ ریاض الدین قادری نے ان پر شفقت کا ہاتھ رکھا اور وہ اس وقت بھی تحریک کی علما کونسل کے جنرل سیکرٹری کے اہم عہدے پر فائز تھے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ کی شہادت سے علما اہلسنت ایک عظیم علمی اور روحانی شخصیت سے محروم ہوگئی ہے۔

متعلقہ عنوان :