پولو کے ممتازکھلاڑی صوفی محمد عامر انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

اتوار 11 جون 2017 21:00

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2017ء) پاکستان کے ممتاز پولو کھلاڑی صوفی محمد عامر یورپ میں انٹرنیشنل پولو مقابلوں میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ورلڈکپ ٹیم کے ممبر اور سینئر پولو کھلاڑی صوفی محمد عامر پاکستان میں پولو سیزن کے اختتام کے بعد دورہ یورپ میں ہنگری، سلواکیہ اور ویانا میں پولو کھیل کر وطن واپس پہنچ گئے۔

اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں صوفی عامر نے ہنگری میں ٹورنامنٹ کھیلا جس میں انہوں نے آٹھ گول کیے اور ان کی ٹیم فائنل تک پہنچی۔ دوسرے مرحلے میں صوفی محمد عامر نے سلواکیہ میں پولو ٹورنامنٹ کھیلا جس میں ان کی ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تیسر ے مرحلے پر ویانا میں پولو ٹورنامنٹ کھیلا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیم ماسٹر پینٹس کے کپتان صوفی محمد عامر کاکہنا تھا کہ پولو ان کے خون میں رچ بس گئی ہے، پولو دنیا میں کہیں بھی کھیلنے کا موقع ملے تو وہ ضرور کھیلنے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اعلیٰ کوالٹی کی پولو کھیلی جاتی ہے۔ گزشتہ کئی سال سے یورپ میں پولو کھیل رہا ہوں۔ عید کے بعد ارجنٹائن میں دو ٹورنامنٹ کھیلنے کیلئے جاوں گا۔ واضح رہے کہ صوفی محمد عامر کا تعلق پولو فیملی سے ہے۔ ان کے بڑے بھائی صوفی محمد حارث اور چھوٹے بھائی فاروق امین صوفی بھی پولو کے کھلاڑی ہیں جبکہ بیٹا اور بھتیجا بھی پولو کھیلتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :