اسلام برداشت ، تحمل مزاجی اور رواداری کا درس دیتا ہے، گورنر سندھ

کراچی میں امن کے قیام میں علماء کرام کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، علما ء کرام نے ہر مشکل دور میں حکومت کاساتھ دیا ،خطاب

اتوار 11 جون 2017 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ اسلام برداشت ، تحمل مزاجی اور رواداری کا درس دیتا ہے ، اسلام کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہوکر ہی معاشرہ میں عدم برداشت کے رویہ کو ختم کیا جا سکتا ہے ، اسلامی تعلیمات اور اس کے فرائض مکمل انسانی ضابطہ حیات پر مشتمل ہیں جس پر عمل پیرا ہو کرہی فلاحی معاشرہ کی تشکیل یقینی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کے قیام میں علماء کرام کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ، اب شہر میں امن و امان برقرار رکھنا قانون نافذ کرنے والے اداروں با الخصوص پولیس کا فرض ہے ، مستقل و پائیدار امن وا مان کے تسلسل میں علماء کرام کا تعاون نا گزیر ہے، علما ء کرام نے ہر مشکل دور میں حکومت کا نہ صرف ساتھ دیا بلکہ اس مشکل کے حل کے لئے شانہ بشانہ ساتھ بھی دیا، علماء کرام محراب و منبر سے بھائی چارے ، برداشت ، رواداری ، ہم آہنگی ، محبت و پیا ر کا درس عام کریں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے دارلعلوم قمر الاسلام میں افطار و ڈنر سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر پیر سیدعظمت علی ہمدانی ،پیر سید محمد اظہر شاہ ، مفتیان کرام ، علماء کرام ، ساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعدا د موجود تھی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیاجہاں پر تمام مذاہب ،مسالک اور مکتبہ فکر کے لوگوں کو مکمل مذہبی و فقہی آزادی حاصل ہے ، اسلام انسانیت کا درس اور فلاحی معاشرہ کی تشکیل کا تقاضہ کرتا ہے ،موجودہ حکومت فلاحی معاشرہ کی تشکیل کے لئے فلاح و بہبود کے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے اس ضمن میں علماء کرام معاشرہ میں عدم برداشت کے رویہ کے خاتمہ اور اسلامی تعلیمات کے مطابق اس کی تشکیل کے لئے حکومت کا ساتھ دیں ، حکومت نے علماء کرام کے تعاون سے کراچی میں امن و امان قائم کیا، علماء کرام کے تعاون سے ہی کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلا ئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک غریب و نادار افراد کی مشکلات کا احساس دلانے کا زبردست طریقہ ہے ہمیں اپنے اطراف غریب و نادار افراد کے لئے کام کرنا ہو گا ہم سب مل کر ایک دوسرے با الخصوص غریب و نادار افراد کی مدد کرسکتے ہیں ،حکومت نے غریب افراد کی کفالت کے لئے متعدد پروگرامز شروع کئے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کے بڑھنے اور سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ سے غربت اور بیروزگاری کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے جبکہ نجی سیکٹر کے فعال کردار کے باعث لوگوں کو ہزاروں ملازمت کے مواقع میسر آرہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی معاشی پالیسی کے سب سے زیادہ مثبت نتائج کراچی سے ہی ظاہر ہورہے ہیں ، معاشی خوشحالی حکومت کا اصل ہدف ہے اس ضمن میں تیز ترین ترقی کے لئے ذرائع آمدرفت میں جدت لائی جارہی ہے ، ایم نائن میٹرو اور گرین لائن منصوبہ اس کی واضح مثال ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے پاکستان خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہو جائے گا ، معاشی سرگرمی کے بڑھنے کا سب سے زیادہ فائدہ دو پورٹس کے حامل شہر کراچی کو ہو گا اس کے لئے پیشگی اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں تاکہ سی پیک منصوبہ کی افادیت سے بھرپور فائدہ حاصل کیا جا سکے ۔

اس موقع پر پیر سید محمد اظہر شاہ نے دارلعلوم قمر الاسلام میں دی جانے والی تعلیمات ، معیار تعلیم سمیت دیگر متعلقہ امور سے گورنر سندھ کو تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ کے لئے اچھے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جن کے ثمرات عام آدمی کو پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، خلق کے خوش ہونے سے باری تعالیٰ بھی بہت خوش ہوتے ہیں یہی اسلام کا پیغام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی بھائی چارے ، رواداری اور ہم آہنگی کے لئے علماء کرام شب و روز مصروف عمل ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ دارلعلوم میں 2500 طلباء زیر تعلیم ہیں ۔

متعلقہ عنوان :