سعودی عرب ، تارکین وطن کی کمائی پر یکم جولائی سے 100 ریال ماہانہ ٹیکس عائد ہوگا

پیر 12 جون 2017 15:17

سعودی عرب ، تارکین وطن کی کمائی پر یکم جولائی سے 100 ریال ماہانہ ٹیکس ..
جدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2017ء) سعودی عرب میں ملازمتوں کے لئے مقیم تارکین وطن سے یکم جولائی سے 100 ریال ماہانہ ٹیکس لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سعودی حکومت نے سعودی عرب میں ملازمتوں کے لئے مقیم تارکین وطن سے یکم جولائی سے ماہانہ سو ریال ٹیکس لینے کا فیصلہ کیا ہے جو آئندہ سال یکم جولائی سے 200 ریال اور جولائی 2020 تک 400 ریال ماہانہ کر دیا جائے گا۔

سعودی عرب میں کام کرنے والی مختلف کمپنیوں نے مذکورہ ٹیکس اپنے غیر ملکی ملازمیں کی ماہانہ تنخواہوں سے براہ راست کاٹنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق سعودی حکومت کے اس اقدام کا مقصد سعودی شہریوں کے لئے ملازمتوں کے زیادہ مواقع پیدا کرنے اور غیر ملکیوں کی یہاں کام کرنے کی حوصلہ شکنی کرنے کے فیصلے کے تحت اٹھایا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی نئے ٹیکس قوانین کے تحت ایسے سعودی تجارتی ادارے جہاں مقامی افراد کے مقابلے غیر ملکی کارکنوں کی تعداد زیادہ ہو گی وہ حکومت کو فی تارک وطن کارکن 400 ریال ماہانہ ٹیکس دیں گی جو 2019 تک 600 ریال اور 2020 تک 800ریال کر دیا جائے گا لیکن اگر کمپنی میں مقامی کارکنوں کی تعداد تارکین وطن سے زیادہ ہے تو یہ ٹیکس100 ریال فی غیر ملکی کارکن ہو گا۔

نئے قانون کے تحت تارک وطن کے بچے بھی ٹیکس نیٹ کی زد میں آئیں گے ایسے تارک وطن کارکن جو اپنے خاندان سعودی عرب میں رکھتے ہیں کو 300 روپے ماہانہ ٹیکس دینا ہو گا۔تاہم ان ٹیکسز کا اطلاق ڈرائیورز اور صفائی کا کام کرنے والوں نہیں ہوگا۔اس ٹیکس کی زد میں ایسی کمپنیاں آئیں گی جہاں بڑی تعداد میں غیر ملکی کام کرتے ہیں۔