مغرب کے اشارے پر ہونیوالی دینی مدارس کیخلاف ہرسازش کو ناکام بنائیں گے، پرویز مشرف نے بھی پاکستان سیکولر نظریات رائج کرنے کی کوشش کی تھی جس کو ہم نے ناکام بنایا تھا ، حکومت دینی مدارس کی مشاورت کے بغیر کسی بھی قانون سازی سے ہاتھ روکیں ورنہ عوام اس کیخلاف اُٹھ کھڑے ہونگے

نائب امیر جماعت اسلامی وسابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان کا خطاب

پیر 12 جون 2017 20:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جون2017ء) نائب امیر جماعت اسلامی وسابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان نے کہا ہے کہ مغرب کے اشارے پر ہونیوالی دینی مدارس کیخلاف ہرسازش کو ناکام بنائیں گے ،سابق صدر پرویز مشرف نے بھی پاکستان کو مصطفی کمال اتاترک کے سیکولر نظریات کو اپنے دور میں رائج کرنے کی کوشش کی تھی جسے اللہ کی فضل سے ہم نے اس سازش کو ناکام بنائی تھی صوبائی حکومت دینی مدارس کے تنظیمات کے مشورے کے بغیر کسی بھی قانون سازی سے ہاتھ روکیں ورنہ عوام اس کے خلاف اُٹھ کھڑے ہونگے۔

وہ پیر کو اپنے آبائی گائوں علی زئی زور گڑھی ابوبکر مسجد میں خطاب کر رہے تھے۔ حافظ حشمت خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قرآن ہمارے لیے مشعل راہ ہے خواتین کے حقوق کے لیے اللہ تعالیٰ نے مستقل ایک سورت سورہ النساء کی شکل میں نازل فرمائی ہے جس میں تاقیامت خواتین کے حقوق کی تحفظ کی ضمانت موجود ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یتیموں کے حقوق کے حوالے سے مستقل ہدایات موجود ہیں ہمارے حکمران غیروں کی تقلید کی بجائے قرآنی نظام یہاں نافذ کرلیں تو پاکستان ایک پرُامن، خوشحال اور اسلامی پاکستان بن سکتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں پاکستان میں اسلامی نظام کے عملی جدوجہد کے لیے کوشاں ہے ۔ انہوں نے عوام سے اس کے لیے بھرپور تعاون کی اپیل کی تاکہ پاکستان میں اسلامی نظام کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔