غزوہ بدر میں مٹھی بھر مسلمانوں نے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست سے دوچار کیا ،سید منور حسن

مسلمان معرکہ بدر جیسی ایمانی قوت پیدا کریں تو پوری دنیا میں ایک بار پھر اسلام کا بول بالا ہو سکتا ہے،گلشن معمار میں دعوت ِ افطار سے خطاب

پیر 12 جون 2017 23:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2017ء) ماہ رمضان کی خیر وبرکت سے لبریز ساعتیںہمیں یہ پیغام دے رہی ہیں کہ ہم اپنے رب سے تعلق کو بڑھائیں اور قرآن سے تعلق کو مضبوط و مستحکم کریں،تقویٰ کی روش اپناکر اپنی اصلاح کریں،خیرو برکت کے اس عظیم مہینے میں ہی حق و باطل کا پہلاعظیم معرکہ غزوہ بدر پیش آیاجس میں مٹھی بھر مسلمانوں نے اپنی ایمانی طاقت اور اللہ رب العزت کی خصوصی مدد کے ذریعے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست سے دوچار کیااور اسلامی تہذیب و تمدن کا سورج طلوع ہوا۔

ان خیالات کا اظہارسابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے جماعت اسلامی زون گلشن معمار علاقہ گلشن معمارکے زیر اہتمام ’’فیملی دعوت افطار‘‘ کی پر وقار تقریب سے سیکٹر W-1گلشن معمار میں خصوصی خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

دعوت افطار میں معروف اسکالر اسد اللہ ابراھیم نے رمضان کیسے گزاریں کے موضوع پر درس قرآن دیا۔اس موقع پرامیر جماعت اسلامی گلشن معمار زون رضوان شاہ ناظم علاقہ گلشن معمار عاطف اللہ والا،محمد فصیح صدیقی دیگر مقامی ذمہ داران، بھی موجود تھے ۔

سید منورحسن نے کہا کہ آج خون مسلم ارزاں نظر آتا ہے شام ،فلسطین اور کشمیر میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے،مغرب اسلام کے خلاف شیطانی ہتھکنڈوں سے آج امت مسلمہ کو منتشر کر نا چاہتا ہے ۔طاغوتی قوتیں اسلام دشمن پالیسی’’ لڑاؤ اور حکومت کرو‘‘پر عمل پیرا ہیں اور مسلم اتحادکو پارہ پارہ کرنے کے درپے ہیں ۔

ناعاقبت اندیش مسلم حکمران باطل قوتوں کا آلہء کار بنتے جارہے ہیں،اتحاد بین المسلمین وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مسلم حکمران ہوش کے ناخن لیں،مسلم امہ کواپنی بقاء کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرمسلمان معرکہ بدر جیسی ہمت اور ایمانی قوت کے ساتھ باطل قوتوںکے خلاف برسر پیکار ہوگئے تو وہ دن دور نہیںجب پوری دنیا میں ان شا اللہ ایک بار پھر اسلام کا بول بالا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :