پاکستان کو ملک دشمن حکمرانوں سے واہ گزار کرواناہر شہری پر فرض ہی:ڈاکٹر طاہر القادری

استغاثہ کی منظوری کے بعد اب تک 10سے زائد تاریخیں پڑ چکی ہیںمگر کوئی ذمہ دار پولیس افسر انسداد دہشت گردی کورٹ میں حاضر نہیں ہوا، سربراہ پاکستان عوامی تحریک

پیر 12 جون 2017 23:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء نے سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے تازہ ترین قانونی پیش رفت کے بارے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو آگاہ کیا، وکلاء نے ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو بتایا کہ استغاثہ کی منظوری کے بعد اب تک 10سے زائد تاریخیں پڑ چکی ہیںمگر کوئی ذمہ دار پولیس افسر انسداد دہشت گردی کورٹ میں حاضر نہیں ہوا،عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے اس اہم اجلاس میںکور کمیٹی کے ممبران خرم نواز گنڈا پور، فیاض وڑائچ، احمد نواز انجم، نور اللہ صدیقی اور ساجد بھٹی شریک تھے، ڈاکٹر طاہر القادری نے وکلاء کی بریفنگ کے بعد سانحہ ماڈل ٹائون پر قانونی پیش رفت کے حوالے سے کور کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس ملک میں اجتماعی قتال پر بھی قانون حرکت میں نہ آئے اس ملک اور معاشرے کے مستقبل کو تابناک نہیں کہا جاسکتا، پاکستان کو قاتلوں، غاصبوں اور ملک دشمن حکمرانوں سے واہ گزار کروانا ملک کے ہر شہری پر فرض ہے، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ دار حکمرانوں کا کڑا احتساب ہوگا، شہدائے ماڈل ٹائون کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، سانحہ ماڈل ٹائون کے شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے، انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو ظلم کے نظام سے نجات دلانے کے لیے لڑتا رہوں گا، شہدائے ماڈل ٹائون کے انصاف کے لیے قانون اور عوام کی عدالت میں جنگ لڑرہے ہیں جو قصاص تک جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ دھن، دھونس اور دھاندلی سے بننے والی حکومت اپنی حیثیت کھو چکی ہے ، حکمرانوں کو قانون اور عوامی عدالت کا سامنا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

کور کمیٹی کا اجلاس آج پھر ہوگا، وکلاء سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے سربراہ عوامی تحریک کو مزید بریفنگ دیں گے۔