ہماری جدوجہد آفاقی ہے، امت مسلمہ کا اتحاد اور اللہ کی زمین پر اللہ رب العزت کی حاکمیت کا نفاذہماری ترجیح ہے،سینیٹر سراج الحق

ایسے معاشرے کے بنیاد رکھنا چاہتے ہیں جس میں عدل وانصاف ،معاشی ترقی اور خوشحالی ہو، امیر جماعت اسلامی

منگل 13 جون 2017 00:07

ہماری جدوجہد آفاقی ہے، امت مسلمہ کا اتحاد اور اللہ کی زمین پر اللہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر و سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد آفاقی ہے، امت مسلمہ کا اتحاد اور اللہ کی زمین پر اللہ رب العزت کی حاکمیت کا نفاذہماری ترجیح ہے۔ہم عوامی مسائل کے حل کے لئے میدان عمل میں نکلے ہیں۔ہم پر امن جمہوری جدوجہد کے ذریعے معاشرے کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں اور ایک ایسے معاشرے کے بنیاد رکھنا چاہتے ہیں جس میں عدل وانصاف ،معاشی ترقی اور خوشحالی ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت مسجد رضوان فیڈرل بی ایریا میں ہونے والی شب بیداری کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، امیر ضلع وسطی منعم ظفر خان، سیکریٹری جنرل ضلع وسطی محمد یوسف و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے مزید کہا کہ ماہ رمضان ہمدردی و غم خواری کا مہینہ ہے، تبدیلی عملی تدبیروں کے ذریعے ہی ممکن ہے، اللہ تعالی روزے دار کوبندگی سکھاتا ہے۔

ہماری تحریک وجدوجہد آفاقی ہے، امت مسلمہ کا اتحاد اوراللہ رب العزت کی حاکمیت کا نفاذ ترجیح اول ہے، کارکنان عوام کے ساتھ مل کر تحریک کوآگے بڑھائیں، اخلاق وکردار، عملی جدوجہد اور کوششوں سے لوگو ں کوہمنوا بنائیں ،آخرت کی تیاری وکامیابی کا درست راستہ انقلاب کا راستہ ہے، انقلاب کے فہم کوسمجھنے کی ضرورت ہے۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ رمضان ظاہری و باطنی، انفراد ی اور اجتماعی طور پر معاشرے کو انقلاب کے لیے تیار کرنے کا مہینہ ہے۔

اس مہینے کی وجہ سے انسان فیصلہ کرتا ہے کہ میں ایک خالق ، مالک کا تابعدار ہوں ، ایک رب کا غلام ہوں اس لیے ہمیں اطاعت بندگی اور تابعداری کا ثبوت دینا ہے اور اپنے ظاہر کے ساتھ ساتھ باطن کو درست کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان کے اجر کو اللہ تعالیٰ نے خود اپنے ذمہ لیا ہے کہ میں جتنا چاہوں اس کا اجر دوں۔ ہمیں اس رمضان میں اپنی شفاعت کے لیے دروازے کھلوانے اور جہنم کی آگ سے نجات کی کوشش کرنا ہے۔

رمضان آرام اور نیند کا اور غفلت کامہینہ نہیں ہے یہ زندہ اور بیدار ہونے کا مہینہ ہے۔ خوداپنے اندر اور معاشرے کے اندر انقلاب لانے کے لیے جدوجہد کرنے کا مہینہ ہے۔شب بیداری سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ رمضان انفرادی اور اجتماعی طور پر توبہ استغفار کا مہینہ ہے۔ ہمیں اپنے اعمال کو بہتر کرنے اور اجتماعی فیصلوں کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔ ہم اللہ کے حکم کے مطابق حق و سچ کا ساتھ دیں گے تو اللہ تعالیٰ ضرور ہماری حالت بدلے گا اور جب ہم خود بدلیں گے تو ہمارا سماج اورنظام بھی بدلے گا۔ سماج اور نظام کو بدلنے کے لئے اجتماعی جدوجہد کی ضرورت ہے۔#

متعلقہ عنوان :